بھٹنڈہ ملٹری اسٹیشن پر فائرنگ، 4 جوان جاں بحق

بھٹنڈہ، 12 اپریل (یو این آئی) پنجاب کے بھٹنڈہ ملٹری اسٹیشن کے اندر بدھ کی علی الصبح فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں فوج کے چار جوان شہید ہوگئے۔ فوج کے ترجمان نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ملٹری اسٹیشن کے اندر صبح 4:35 بجے فائرنگ کا واقعہ پیش آیا جس میں چار جوان شہید ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ فوج کی ریپڈ ایکشن ٹیم نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔ کسی بھی شخص کو علاقے میں آنے یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔یہ واقعہ آرٹلری یونٹ میں پیش آیا جہاں چار فوجی اہلکار گولی لگنے سے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ کوئی دوسرا اہلکار زخمی نہیں ہوا اور املاک کے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔اسسٹنٹ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (اے ڈی جی پی) ایس پی ایس پرمار نے بتایا کہ یہ دہشت گردانہ حملہ نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فوج سے باضابطہ اطلاع ملنے کے بعد ہی یقینی طور پر کچھ کہا جا سکتا ہے۔ علاقے کو سیل کر دیا گیا ہے اور فوج پنجاب پولیس کے ساتھ مل کر معاملے کے حقائق جاننے کے لیے مشترکہ تحقیقات کر رہی ہے۔ دو دن پہلے لاپتہ ہونے والی 28 راؤنڈز والی انساس رائفل کے ممکنہ ملوث ہونے سمیت تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔معاملے کی حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے فوج کے ایک افسر نے میڈیا سے افواہوں اور قیاس آرائیوں سے گریز کرنے کی درخواست کی ہے۔