ملک میں پھر کورونا کا خوف!

کیسز میں اضافہ کے درمیان کئی ریاستوں میں ماسک لگانا لازمی قرار
نئی دہلی،09؍اپریل(ایجنسی) پچھلے کچھ دنوں سے ملک بھر میں کورونا کے معاملات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ایسے میں احتیاط کے طور پر کئی ریاستوں نے ماسک کو دوبارہ لازمی قرار دے دیا ہے۔ مرکزی وزیر صحت منسکھ منڈاویہ نے اس ہفتے کے شروع میں ایک جائزہ میٹنگ کی اور ریاستوں کو مشورہ دیا تھا وہ چوکس رہیں اور کورونا کے حوالہ سے اپنی تیاریوں کا جائزہ لیں۔وزیر صحت نے اس کے علاوہ ریاستی وزراء صحت پر زور دیا تھا کہ وہ 10 اور 11 اپریل کو اسپتال کے تمام بنیادی ڈھانچے کے ساتھ ماک ڈرل (مشقیں) کریں۔ دریں اثنا، جن ریاستوں نے ماسک لگانے کو لازمی قرار دیا ہے وہ ہریانہ، کیرالہ اور پڈوچیری ہیں۔ہریانہ حکومت نے احتیاطی اقدام کے طور پر عوامی مقامات پر فیس ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ ریاستی محکمہ صحت نے عوام سے کورونا کے مطابق رویہ اپنانے کی اپیل کی ہے۔ ضلع انتظامیہ اور پنچایتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ریاست کے تمام حصوں میں اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔کیرالہ نے بھی حاملہ خواتین، بوڑھوں اور طرز زندگی کی بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے ماسک کو لازمی قرار دیا ہے۔ کیرالہ کی وزیر صحت وینا جارج نے ریاست میں کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے انعقاد کے بعد کہا کہ کووڈ سے ہونے والی زیادہ تر اموات 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں اور طرز زندگی کی بیماریوں جیسے ذیابیطس سے مبتلا افراد میں ہوتی ہیں۔پڈوچیری انتظامیہ نے فوری اثر سے عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسپتالوں، ہوٹلوں، ریستوراں، شراب کی دکانوں، تفریحی مقامات، سرکاری دفاتر اور تجارتی اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کو لازمی طور پر ماسک پہننا چاہیے۔