مودی نے چنئی-کوئمبٹور وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی

چنئی، 8 اپریل (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کو یہاں ایم جی آر چنئی سنٹرل ریلوے اسٹیشن اور کوئمبٹور کے درمیان وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس موقع پر تمل ناڈو کے گورنر آر این روی،وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن، وزیر ریلوے اشونی ویشنو، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات ایل مروگن اور کئی دیگر عوامی نمائندے موجود تھے۔ یہ تمل ناڈو میں شروع ہونے والی پہلی وندے بھارت ٹرین ہے۔مسٹر مودی نے ٹرین کو ہری جھنڈی دکھانے سے پہلے اسٹیشن کے احاطے میں موجود طلبہ سے بات چیت کی۔ وہ طلباء ان کے استقبال کے لیے وہاں موجود تھے۔ وزیراعظم نے اسٹیشن پر موجود عوام سے ہاتھ ملاکر استقبال کیا۔چنئی اور جنوبی ہندوستان کا مینچسٹر کہے جانے کوئمبٹور کے درمیان شروع ہونے والی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین دونوں شہروں کے درمیان کا فاصلہ پانچ گھنٹے اور 50 منٹ میں طے کرے گی، جو اس روٹ پر شتابدی ایکسپریس کے سفر کے وقت سے ایک سوا گھنٹے کم ہے۔ مقامی طور پر تیار کردہ وندے بھارت ٹرین میں آٹھ ایئر کنڈیشنڈ ڈبے ہیں۔ یہ ٹرین بدھ کے علاوہ ہفتے میں چھ دن اس روٹ پر چلے گی۔ریلوے حکام نے بتایا ہے کہ ریلوے کے چنئی-کوئمبٹور سیکشن پر چلنے والی سب سے تیز ترین ٹرین ہوگی۔وندے بھارت سیریز کی یہ 13ویں ٹرین شروع ہوئی ہے۔ اس ٹرین کے چلنے سے چنئی-کوئمبٹور کے درمیان سفر کرنے والے مسافر تقریباً ایک گھنٹہ 15 منٹ کی بچت کر سکیں گے۔ یہ ٹرین سیلم جنکشن، ایروڈ جنکشن اور تروپور پر رکے گی۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر مودی نے آج ہی سکندرآباد اور تروپتی کے درمیان چلنے والی تروپتی وندے بھارت ایکسپریس ٹرین کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔اس سے پہلے وزیر اعظم نے آج  دن میں تلنگانہ کے سکندرآباد سے آندھرا پردیش کے تروپتی کے لئے وندے بھارت ٹرین کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا تھا۔