آندھرا کے سابق وزیر اعلی کرن کمار ریڈی بی جے پی میں شامل

نئی دہلی، 7 اپریل (یو این آئی) آندھرا پردیش کے سابق وزیر اعلی کرن کمار ریڈی جمعہ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہو گئے۔مسٹر ریڈی نے یہاں بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مرکزی وزیر پرہلاد جوشی اور دیگر سینئر قائدین کی موجودگی میں پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹر جوشی نے کہا کہ مسٹر ریڈی کی شمولیت سے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں آندھرا پردیش میں بدعنوانی کے خلاف لڑائی کو تقویت ملے گی۔بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد مسٹر ریڈی نے نامہ نگاروں سے کہا کہ وہ مسٹر مودی کی قیادت میں کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔
 انہوں نے بی جے پی صدر جے پی نڈا کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا، "میرے خاندان کی کانگریس پارٹی کے ساتھ تقریباً 60 سال کی وابستگی تھی اور انہوں نے کبھی سوچا  نہیں تھا کہ وہ کانگریس چھوڑ دیں گے۔" انہوں نے کہا کہ وہ وزیر اعظم کی انسداد بدعنوانی مہم سے بہت متاثر ہیں اور ان کی قیادت میں بی جے پی حکومت ملک کی ترقی کے لیے خاص طور پر ملک کے نوجوانوں کے لیے ایک بہت ہی واضح وژن رکھتی ہے۔کانگریس قیادت پر طنز کرتے ہوئے، انہوں نے کہا، "کیا ہوا ہے کہ کانگریس ہائی کمان کے غلط فیصلوں کی وجہ سے ریاست در ریاست کانگریس کو تمام ریاستوں میں نقصان ہو رہا ہے۔ وہ لوگوں سے میل جول نہیں رکھتے۔ وہ لیڈروں کی رائے نہیں لیتے۔ یہ کسی ایک ریاست کی کہانی نہیں ہے۔ یہ پورے ملک میں ایک کہانی ہے۔"مسٹرریڈی نے کہا، "ایک پرانی کہاوت ہے - میرا بادشاہ بہت عقلمند ہے۔ وہ اپنے بارے میں نہیں سوچتا اور وہ کسی کی نصیحت نہیں سنتا۔"مسٹر ریڈی نے 2014 میں اس وقت کی متحدہ ترقی پسند اتحاد حکومت کے آندھرا پردیش کو تقسیم کرنے اور تلنگانہ کو الگ کرنے کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کانگریس پارٹی سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ انہوں نے اپنی پارٹی 'جئے سمیکیہ آندھرا بنائی اور 2014 کے انتخابات میں کچھ حلقوں سے امیدوار کھڑے کئے تھے