اپوزیشن پارٹیوں کو لگا ’سپریم‘ جھٹکا

 سی بی آئی اور ای ڈی کے خلاف داخل عرضی کو عدالت عظمیٰ نے کیا خارج
نئی دہلی،5اپریل(یو این آئی) سپریم کورٹ نے مبینہ طور پر مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ(ای ڈی ) جیسی مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کے غلط استعمال کا مرکزی حکومت پر الزام لگانے والی 14حزب اختلاف جماعتوں کی عرضیاں بدھ کو خارج کر دی۔چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ ،اور جسٹس پایس نر سمہااور جسٹس جی بی پاردی والا کی بنچ نے کانگریس اور دیگر جماعتوں کی طرف سے دائر عرضی پر سماعت کرنے سے انکار کر تے ہوئے کہا کہ اس معاملے میں سیاسی جماعتوں کو عام شہریوں کے مقابلے کو خاص حق حاصل نہیں ہے۔  عدالت عظمی کی طرف سے عرضی خارج کئے جانے کے بعد عرضی گزار کی طرف سے عرضیاں واپس لینے کی گزارش کی تھی، جسے قبول کر لیا گیا۔عرضی میں مرکزی حکومت پر الزام لگائے گئے تھے کہ سی بی آئی اور ای ڈی ایسی پانچ ایجنسیوں کا غلط استعمال مرکزکی بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی حکومت سیاسی انتقام پر اتری ہوئی ہے۔ حزب اختلاف جماعتوں کا چن چن کر نشانہ بنایا جا رہا ہے ۔ساتھ ہی ، اس سے جمہوریت کی اہم تنظیموں کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ عرضی دائر کرنے والوں میں کانگریس پارٹی کے علاوہ بھارت راشٹر سمیتی (بی آر ایس)، راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی ) ڈراوڑ منیترکژگم(ڈی ایم کے ) ، ترنمول کانگریس(ٹی ایم سی ) ، عام آدمی پارٹی (آپ ) ، راشٹریہ کانگریس پارٹی(این سی پی) ، شیو شینا(ادھو ٹھاکرے )، بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی (مارکس وادی ) ، سماج وادی پارٹی (ایس پی ) جموں کشمیر نیشنل کانفرنس وغیرہ شامل ہیں ۔