ہندوستان نے چین کے جانب سے اروناچل پردیش کے مقامات کے الگ نام رکھنے کو کیا مسترد

نئی دہلی،  4 اپریل (یو این آئی) ہندوستان نے چین کی جانب سے اروناچل پردیش میں کچھ مقامات کے نام تبدیل کرنے کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے حقیقت نہیں بدلے گی۔وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے اس بارے میں میڈیا کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا ’’ہم نے ایسی رپورٹیں دیکھی ہیں۔ ایسا پہلی بار نہیں ہے کہ چین نے اس طرح کوشش کی ہے۔ ہم اسے یکسر مسترد کرتے ہیں۔‘‘مسٹر باگچی نے کہا کہ اروناچل پردیش ہندوستان کا اٹوٹ اور لازم و ملزوم حصہ رہا ہے اور رہے گا۔ اس طرح کے ایجاد کردہ نام رکھنے کی کوششیں اس حقیقت کو نہیں بدل سکتیں۔اطلاعات کے مطابق چین نے اروناچل پردیش میں 11 مقامات کے نام تبدیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ چین نے ان 11 مقامات  کی فہرست  میں  ان کے نام نہاد ’معیاری جغرافیائی ناموں‘‘ کی فہرست بھی جاری کی ہے۔ اس میں دو رہائشی علاقے، پانچ پہاڑی چوٹیاں، دو دریا اور دو دیگر علاقے شامل ہیں۔ چین نے فہرست کے ساتھ ایک نقشہ بھی جاری کیا ہے۔اس سے پہلے بھی چین دو بار ایسا کر چکا ہے۔