راہل گاندھی کو سورت کی سیشن عدالت سے ملی ضمانت

 13 اپریل کو ہوگی اگلی سماعت
نئی دہلی،03؍اپریل(ایجنسی) کانگریس لیڈر راہل گاندھی 'مودی سرنیم کے حوالے سے ہتک عزت کے مقدمے میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد آج سورت، گجرات کی سیشن عدالت میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کی۔ بتادیں کہ راہل گاندھی کے وکلاء کی جانب سے سورت کی سیشن عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی گئی۔ راہل گاندھی جب کورٹ روم کے اندر پہنچے تو اس دوران پرینکا گاندھی بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو سورت کی سیشن کورٹ سے ضمانت مل گئی ہے۔ اس معاملے کی اگلی سماعت 13 اپریل کو ہوگی۔ پیر کو راہل گاندھی نے 'مودی کنیت سے متعلق ہتک عزت کے مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف سورت، گجرات کی سیشن عدالت میں اپیل دائر کی تھی۔ہتک عزت کے مقدمے میں اپنی سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کے بعد سورت کی ضلعی عدالت سے نکلتے وقت کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے  ہجوم  کو ہاتھ  لہرا کر سلام کیا۔کئی ریاستوں کے کانگریس لیڈر سورت سیشن کورٹ پہنچے تھے۔ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کانگریس کے سینئر لیڈران اور رزرائے اعلی کے ساتھ عدالت پہنچے تھے۔اس سے پہلے کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی راہل سے ملنے ان کی رہائش گاہ پہنچیں۔ وہیں راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی ایک ہی کار میں ہوائی اڈے کے لیے روانہ ہوئے اور وہاں سے فلائٹ لیکر سورت پہنچے۔سورت ہوائی اڈے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا، 'میں گھبرانے والوں میں سے نہیں ہوں۔ ملک کی آواز بن کر بولوں گا۔ آج نہیں تو کل انصاف ملے گا۔ ہمیں عدلیہ پر بھروسہ ہے۔غور طلب ہے کہ لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دئے گئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی سے کہا گیا ہے کہ وہ 22 اپریل تک سرکاری بنگلہ خالی کردیں۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق راہل گاندھی کو 12 تغلق روڈ پر واقع بنگلہ خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ لوک سبھا کی ہاؤسنگ کمیٹی نے پیر کو کانگریس لیڈر اور وائناڈ کے سابق ایم پی راہل گاندھی کو سرکاری بنگلہ خالی کرنے کیلئے نوٹس بھیجا تھا۔ واضح رہے کہ یہ فیصلہ پارلیمنٹ کی رکنیت رد ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔ اس وقت راہل گاندھی 12 تغلق روڈ پر واقع سرکاری بنگلے میں رہتے ہیں۔بتادیں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو 24 مارچ کو سورت کی ایک عدالت کے ذریعہ 2019 کے ہتک عزت کے ایک مقدمے میں سزا سنائے جانے کے پیش نظر لوک سبھا سے نااہل قرار دے دیا گیا تھا۔
 سورت کی عدالت نے راہل گاندھی کو دو سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ نااہل رکن کو رکنیت کھونے کے ایک ماہ کے اندر سرکاری بنگلہ خالی کرنا ہوتا ہے۔