گجرات ہائی کورٹ نے کہا- ’وزیر اعظم کو ڈگری دکھانے کی ضرورت نہیں!‘ کیجریوال پر 25 ہزار کا جرمانہ عائد

گاندھی نگر،31؍مارچ(ایجنسی) وزیر اعظم کی ڈگری مانگنے کے معاملے میں گجرات ہائی کورٹ نے جمعہ کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کو ان کی گریجویشن ڈگری کا سرٹیفکیٹ دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ جسٹس بیرین ویشنو نے چیف انفارمیشن کمیشن (سی آئی سی) کے پی ایم او کے پبلک انفارمیشن آفیسر (پی آئی او) کے اس حکم کو کالعدم قرار دے دیا، جس میں گجرات یونیورسٹی اور دہلی یونیورسٹی کے پی آئی اوز کو پی ایم مودی کی ڈگری کی تفصیلات دینے کی ہدایت دی گئی تھی۔گجرات ہائی کورٹ نے اس کے ساتھ اروند کیجریوال پر 25000 روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے، جنہوں نے پی ایم کی ڈگری سرٹیفکیٹ کی تفصیلات مانگی تھیں۔ ہائی کورٹ نے اروند کیجریوال کی عرضی کو حقیر اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔وہیں، ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کیا کہ ’’کیا ملک کو یہ جاننے کا بھی حق نہیں ہے کہ ان کے وزیر اعظم کتنا پڑھے ہیں؟ 
انہوں نے عدالت میں ڈگری دکھانے کی شدید مخالفت کی، کیوں؟ اور ان کی ڈگری دیکھنے کا مطالبہ کرنے والوں پر جرمانہ عائد کیا جائے گا؟ یہ کیا ہو رہا ہے؟ ناخواندہ یا کم پڑھا لکھا وزیراعظم ملک کے لیے بہت خطرناک ہے!‘‘