کرناٹک اسمبلی انتخابات کی تاریخوں کا اعلان

نوٹیفکیشن 13 اپریل، پولنگ 10 مئی کو، 13 مئی کو نتائج
نئی دہلی، 29 مارچ (یو این آئی) کرناٹک کی 224 رکنی اسمبلی کے انتخابات کے لئے پولنگ ایک دن  10 مئی کو کرائی جائے گی۔بدھ کو ریاستی اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کمیشن نے کہا کہ ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو کی جائے گی۔کمیشن 13 اپریل کو وہاں انتخابات کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔بدھ کو یہاں ایک خصوصی پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے کہا کہ اس بار کرناٹک میں کل پانچ کروڑ 24 لاکھ سے زیادہ ووٹر انتخابی نتائج کا فیصلہ کریں گے۔ وگیان بھون میں منعقدہ پریس کانفرنس میں الیکشن کمشنر انوپ چندر پانڈے اور ارون گوئل بھی موجود تھے۔کرناٹک قانون ساز اسمبلی کی مدت 24 مئی کو ختم ہو رہی ہے۔ کرناٹک میں آخری اسمبلی انتخابات مئی 2018 میں ہوئے تھے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابات کا نوٹیفکیشن 13 اپریل کو جاری کیا جائے گا، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 اپریل ہوگی۔ کاغذات نامزدگی 24 اپریل تک واپس لیے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں 10 مئی کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے اور ووٹوں کی گنتی 13 مئی کو ہوگی۔ریاست میں مرد ووٹروں کی تعداد 2.6 کروڑ ہے، جب کہ خواتین ووٹرز کی تعداد 2.5 کروڑ ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ کرناٹک میں 9.17 لاکھ سے زیادہ پہلی بار ووٹ دینے والے آئندہ انتخابات میں حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا، "ایڈوانس درخواست کی سہولت کے تحت، 17 سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں سے 1.25 لاکھ سے زیادہ درخواستیں موصول ہوئیں، جن میں سے تقریباً 41,000 درخواستیں یکم اپریل 2023 تک  18 سال سے زیادہ عمر کے نوجوانوں سے موصول ہوئیں۔ اس کے علاوہ ریاست میں 42756 ٹرانسجینڈر ہیں۔اسمبلی انتخابات کے اعلان کے ساتھ ہی ریاست میں ماڈل ضابطہ اخلاق نافذ ہو گیا ہے۔مسٹر کمار نے کہا کہ اس الیکشن میں 80 سال سے زیادہ عمر کے ووٹر اپنے گھروں سے ووٹ ڈال سکیں گے۔ کمیشن کے مطابق اس بار ریاست میں ایسے ووٹروں کی تعداد 1215142 ہے۔ریاست میں ووٹنگ کے لیے کل 58 ہزار 282 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے۔ اس بار نو لاکھ سترہ ہزار نئے ووٹرز شامل کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتخابی عمل 24 مئی سے پہلے مکمل کر لیا جائے گا۔ کرناٹک میں، 36 اسمبلی حلقے درج فہرست ذاتوں اور 15 درج فہرست قبائل کے لیے مخصوص ہیں۔ پولنگ کے لیے ایسے 224 پولنگ اسٹیشن بنائے جائیں گے جہاں نوجوان ملازمین تعینات ہوں گے جبکہ 100 پولنگ اسٹیشنز میں معذور ملازمین ہوں گے۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے 104، کانگریس نے 80 اور جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) نے 37 نشستیں حاصل کی تھیں۔صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے ایک سوال پر کہا کہ عام آدمی پارٹی کو قومی پارٹی تسلیم کرنے کے حوالے سے جائزہ کا کام جاری ہے۔کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی نااہلی کے بعد وایناڈ (کیرالہ) پارلیمانی سیٹ پر ضمنی انتخاب کرانے کے سوال پر چیف الیکشن کمشنر مسٹرکمار نے کہا کہ کمیشن کے پاس خالی نشست پر ضمنی انتخاب کرانے کے لیے چھ ماہ کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں فیصلہ سنانے والی عدالت نے (مسٹر گاندھی کو ہتک عزت سے متعلق کیس میں) فیصلے کے خلاف عدالتی اقدامات کے لئے  30 دن کا وقت دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اس لئے ہم (ابھی) انتظار کریں گے۔مسٹر کمار نے بتایا کہ کرناٹک انتخابات میں پیسے کی طاقت کے استعمال کو روکنے کے لیے کمیشن اپنی ٹیم کو مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 2400 اسٹیٹک سرویلنس ٹیمیں سخت نگرانی رکھیں گی۔ انیس اضلاع میں 171 بین ریاستی چیک پوسٹوں پر نگرانی کی جائے گی، جن میں دوسری ریاستوں کے ساتھ سرحدیں بھی شامل ہیں۔