تیز ہوائوں کے ساتھ بارش

کئی درخت اور بجلی کے کھمبے گرے، گاڑیوں کو بھی پہنچا نقصان 
الحیات نیوز سروس 
رانچی،16؍مارچ: راجدھانی میں دوپہر کے بعد موسم میں اچانک تبدیلی نے کافی تباہی مچا دی۔ شہر کے کئی علاقوں میں درخت گرنے سے کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ کئی علاقوں میں مین روڈ سے درخت گرنے کے واقعات سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے کئی گاڑیاں بری طرح تباہ ہو چکی ہیں۔ اس کے علاوہ تیز آندھی کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی ہے۔اس وقت ایک گھنٹے سے زائد بارش کی وجہ سے کئی علاقوں میں بجلی کی سروس مکمل طور پر درہم برہم ہے۔ اس کے ساتھ ہی شہر سے ملحقہ دیہی علاقوں میں کئی مقامات پر آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں جن میں کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ رانچی کے دروا تھانہ علاقے کے تحت شالیمار بازار میں آسمانی بجلی گرنے سے ایک بچی کی موت ہو گئی اور دو دیگر زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے پارس اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ پانچ روز تک بارش کا امکان ہے جس کی وجہ سے درجہ حرارت کم رہے گا۔