برطانوی وزیر اعظم رشی سونک پر پھر جرمانہ عائد

 اس بار کار میں دوران سفر سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر کارروائی، غلطی پر کی معذرت
     لندن،21؍جنوری(ایجنسی) برطانوی وزیر اعظم رشی سنک پر چلتی گاڑی میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ وہ خود گاڑی نہیں چلا رہے تھے اور نہ ہی اگلی سیٹ پر تھے۔ بلکہ وہ مسافر سیٹ پر بیٹھے تھے۔ رشی سنک پر 100 پاؤنڈ جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ حکومت میں رہتے ہوئے یہ دوسرا موقع ہے کہ ان پر قواعد کی خلاف ورزی پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ انگلینڈ کے شمال میں سفر کے دوران، لنکاشائر میں حکومت کے اخراجات میں اضافے کے تازہ ترین دور کی تشہیر کے لیے ایک ویڈیو بنا رہے تھے۔
 یہ ویڈیو سنک کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تھی۔جب سونک کی سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی تو انہوں نے فوراً غلطی کا اعتراف کر لیا۔ ان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ایک مختصر کلپ فلمانے کے لیے اپنی سیٹ بیلٹ اتار دی تھی۔ وہ پوری طرح سے قبول کرتے ہیں کہ یہ ایک غلطی تھی اور اس کے لیے دل سے معافی مانگتے ہیں۔ وزیر اعظم قبول کرتے ہیں کہ گاڑی چلاتے وقت ہر کسی کو سیٹ بیلٹ باندھنا چاہیے۔خیال رہے کہ لندن میں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے والے مسافروں کو موقع پر ہی 100 پاؤنڈ جرمانے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جو معاملہ عدالت میں جانے کی صورت میں پانچ گنا بڑھ سکتا ہے۔ وزیراعظم نے اس سے قبل اس واقعے پر معذرت کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ایک غلطی تھی۔ حکومت میں رہتے ہوئے سونک پر عائد ہونے والا یہ دوسرا جرمانہ تھا۔اپریل 2022 میں اس وقت کے وزیر اعظم بورس جانسن اور اہلیہ کیری کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ سنک پر جون 2020 میں ڈاؤننگ اسٹریٹ میں جانسن کی سالگرہ کے اجتماع میں شرکت کے لیے کورونا لاک ڈاؤن کے اصولوں کو توڑنے پر جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔