حیدرآباد میں شبھمن کی طوفانی بلے بازی

حیدرآباد، 18 جنوری (یو این آئی) شبھمن گل (208) کی شاندار سنچری کی بدولت ہندوستان نے بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں 50 اوور میں 349 رن کا مشکل ہدف دیا۔ راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر اور کپتان روہت شرما کے پہلے بیٹنگ کرنے کے فیصلے کوصحیح بتاتے ہوئے  شبھمن نے نیوزی لینڈ کے کم تجربہ کار باؤلنگ اٹیک کو تباہ کردیا۔ یہ نیوزی لینڈ کے خلاف کسی بھی کھلاڑی کا اب تک کا سب سے بڑا انفرادی اسکور ہے۔
 شبھمن نے اپنے کریئر کی پہلی ڈبل سنچری جارحانہ انداز میں مسلسل دو چھکے لگا کر مکمل کی۔ اپنی اننگز میں انہوں نے 139.59 کے اسٹرائیک ریٹ سے 19 چوکے اور نو چھکے لگائے۔ ہندوستانی اننگز کے آخری اوور میں ہنری شپلی کی گیند پر لانگ آف پر کھڑے فلپ نے  لمبی دوڑ لگا کر ان کا شاندار کیچ لیا۔
شبھمن کے علاوہ روہت شرما (34)، سوریہ کمار یادو (31) اور ہاردک پانڈیا (28) نے اسکور بورڈ پر اپنی موجودگی کا احساس کرایا، حالانکہ حال ہی میں فارم میں واپس آنے والے وراٹ کوہلی کا آج بلا نہیں چلا، جبکہ سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے ایشان کشن بھی خاموشی سے پانچ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔   نیوزی لینڈ کی جانب سے ہنری شپلی اور ڈیرل مچل دو دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب بولر بنے جب کہ تجربہ کار مچل سینٹنر نے 56 رن کے عوض ایک وکٹ حاصل کی۔