نیدرلینڈ نے نیوزی لینڈ کودی 4-0 سے شکست

راورکیلا، 16 جنوری (یو این آئی) نیدرلینڈ نے کپتان تھیری برنک مین کی قیادت میں فارورڈ لائن کی شاندار کارکردگی کی بدولت پیر کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) مردوں کے ہاکی ورلڈ کپ 2023 کے گروپ سی مقابلے میں نیوزی لینڈ کو 4-0 سے شکست دی۔ برسا منڈا انٹرنیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے یکطرفہ مقابلے میں برنک مین (دوسرے، 12ویں منٹ) نے فاتح ٹیم کے لیے دو گول کیے جبکہ بیجن کوین (19ویں) اور ہوڈ میکرز زیپ (54ویں منٹ) نے ایک ایک گول کیا۔اپنے پہلے میچ میں چلی کو 3-1 سے شکست دینے والے نیوزی لینڈ کے پاس تین بار کی فاتح نیدرلینڈز کے حملوں کا کوئی جواب نہیں تھا۔ ڈچ ٹیم کے کپتان نے دوسرے ہی منٹ میں فیلڈ گول کر کے ٹیم کے جارحانہ رویے کو صاف کر دیا۔نیوزی لینڈ چوتھے منٹ میں ملنے والے پنالٹی کارنر کا فائدہ اٹھانے سے قاصر رہا، جبکہ ان کے کوچ گریگ نکول نے فارورڈ لائن میں ایک اور کھلاڑی بڑھانے کے ارادے سے کچھ دیر کے لئے گول کیپر کو پچ سے ہٹا لیا۔ برنک مین نے اس کا فائدہ اٹھایا اور 12ویں منٹ میں گول کر کے نیدرلینڈ کی برتری کو دگنا کر دیا۔دوسرے کوارٹر کے چوتھے منٹ میں کوئن نے نیدرلینڈ کا تیسرا گول کیا تاہم اس کوارٹر میں نیوزی لینڈ نے اپنے گول کیپر کو واپس بلا کر مضبوط اپوزیشن کو کچھ دیر کے لیے خاموش رکھا۔بغیر کسی گول کے تیسرے کوارٹر کے بعد، زیپ نے چوتھے کوارٹر میں اسکور کیا۔ جسٹن بلاک کے پاس آخری لمحات میں پانچواں گول کرنے کا موقع تھا، تاہم ان کی کوشش گول کے قریب سے نکل گئی اور اسکور 4-0 ہی رہا۔نیدرلینڈ نے دو میچوں میں دو جیت کے ساتھ پول سی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے جبکہ نیوزی لینڈ دو میچوں میں ایک جیت اور ایک ہار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔