ملیشیا: لینڈ سلائڈنگ سے 13 لوگوں کی موت، کئی پھنسے

کوالالمپور، 16 دسمبر (یو این آئی) ملیشیا کی سیلنگور ریاست میں جمعہ کو لینڈ سلائڈنگ میں 13 لوگوں کی موت ہو گئی اور کئی لوگ ملبے کے نیچے پھنسے ہوئے ہیں جنھیں بحفاظت باہر نکالنے کے لیے بچاؤ اور امدادی ٹیمیں جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہیں۔ اس درمیان 60 افراد کو بچا لیا گیا۔وزیراعظم انور ابراہیم نے کہا کہ وہ آج جائے حادثہ کا دورہ کریں گے۔ مسٹر ابراہیم نے تمام متعلقہ سرکاری اداروں کو بڑے پیمانے پر تلاش اور بچاؤ آپریشن جاری رکھنے کا حکم دیا ہے۔ ملیشیا کی قومی خبر رساں ایجنسی’برناما‘کے مطابق جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق دیر رات 2 بجے کے قریب لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں کم از کم 13 لوگوں کی موت ہو گئی اورکئی لوگ پھنس گئے۔مقامی میڈیا نے محکمہ کے سربراہ نورالعزم خامس کے حوالے سے بتایا کہ علاقے میں ایک مشہور کیمپنگ سائٹ پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی۔ مقامی وقت کے مطابق 2 بج کر 24 منٹ پر واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد فائر فائٹرز نے تقریباً 3:00 بجے جائے وقوع پر پہنچنا شروع کیا۔مسٹر نورالعزم نے کہا کہ 60 لوگوں کو بچا لیا گیا ہے اور باقی کی تلاش اور بچاؤ کی کوششیں جاری ہیں۔ خیال کیا جاتا ہے کہ وہ اب بھی علاقے میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کم از کم 12 ٹیمیں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہی ہیں۔اس سے پہلے اندازہ لگایا گیا تھا کہ 100 کے قریب افراد ملبے تلے دبے ہو سکتے ہیں۔ نیوز ایجنسی کے مطابق حال میں کے-9 ٹریکر ڈاگ یونٹ، سینٹوسا، امپانگ، پانڈان، کوٹا انگریک، کجانگ ڈین اندلس فائر اینڈ ریسکیواسٹیشنوں سے ایمرجنسی میڈیکل ریسکیو سروس، اور خصوصی حکمت عملی اور امدادی کارروائیوں کی مدد سے تلاش اور بچاؤ کی مہم چلائی جا رہی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق حال میں ملک اس وقت شمال مشرقی مانسون کی زد میں ہے۔ مانسون نومبر سے مارچ تک رہتا ہے۔ سیلنگور سمیت کئی ریاستوں میں موسلادھار بارش ہو رہی ہے۔