ویراٹ کوہلی کا حارث رؤف کی گیند پر لگایا گیا چھکا ٹی20 کا بہترین شاٹ قرار

  دبئی، 16 نومبر (یو این آئی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستان اور  ہندوستان  کے میچ میں عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی  بلے ویراٹ کوہلی کا  پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی گیندپر مارے گئے چھکے کو ٹی20 کی تاریخ کا  بہترین شاٹ قرار دے دیا۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی رپورٹ کے مطابق آئی  سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 میں کئی ڈرامائی، دلچسپ اور سنسنی خیز لمحات اور  مناظر دیکھے گئے لیکن ان میں کچھ مواقع ایسے تھے جو فیصلہ کن ثابث ہوئے اور  ان لمحات نے میچ کے نتائج پر گہرا اثر ڈالا۔انہی میں سے ایک فیصلہ کن اور  ڈرامائی لمحہ وہ تھا جب عالمی شہرت یافتہ ہندوستانی بلے ویراٹ کوہلی نے  پاکستانی فاسٹ باؤلر حارث رؤف کی کرائی گئی ایک گیند پر چھکا مارتے ہوئے  لانگ آف باؤنڈری لائن سے باہر پھینک دیا۔ایک ایسے وقت میں جب  ہندوستانی کرکٹ ٹیم مشکلات کا شکار نظر آرہی تھی اور ایسا لگتا تھا کہ اب  بہت دیر ہوچکی کیونکہ ہندوستان کو صرف 8 گیندوں پر 28 کی ضرورت تھی جبکہ  حارث رؤف نے بھی شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے 4 اوورز کی اخری  دو گیندیں کرانے سے قبل تک صرف 24 رنز دیے تھے لیکن اس مرحلے پر ویرات  کوہلی نے اپنی عظمت کا ثبوت دیتے ہوئے ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کرایا۔حارث  رؤف کی جانب سے بھرپور رفتار سے کرائی گئی اس گیند کو کھیلنا اتنا آسان  نہیں تھا لیکن ہندوستانی اسٹار نے جس طرح اس گیند کو کھیلا، وہ بال اس طرح  کے برتاؤ کی مستحق نہ تھی۔اسٹار بلے باز نے گیند کو میلبرن کرکٹ گراؤنڈ کی  باؤنڈری لائن سے باہر پھینک کر اسے کرکٹ کی تاریخ کے یادگار لمحات میں سے  ایک بنا دیا۔اگلی ہی گیند پر ایک اور چھکا اچانک ہی  ہندوستان کو میچ  میں واپس لے لیا اور ان کی پوزیشن مضبوط کردی اور اگلے اوور میں  ہندوستان  نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد فتح اپنے نام کی۔آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ  کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں ہندوستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد  پاکستان کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، اہم میچ میں ہندوستان نے ویراٹ کوہلی  کے شاندار 82 اور ہاردک پانڈیا کے 40 رنز کی بدولت پاکستان کا 160 رنز کا  ہدف 6 وکٹوں کے نقصان پر آخری گیند پر حاصل کیا تھا۔اسی طرح سے میگا  ایونٹ کے فائنل میں پاکستانی باؤلنگ اسٹار شاہین شاہ آفریدی کا انگلینڈ کے  مڈل آرڈر بلے باز ہیری بروکس کا زبردست کیچ تھا جس نے میچ کو دلچسپ بنا  دیا۔لیکن یہ لمحہ پاکستان کے لیے زیادہ فائدہ ثابت نہ ہوا کیونکہ یہ کیچ  لیتے ہوئے شاہین انجری کا شکار ہوئے اور پھر اسی وجہ سے اپنے کوٹے کے اہم  اوور مکمل نہ کر سکے۔اس موقع سے انگلینڈ بالخصوص معین علی اور بین اسٹوکس  نے پورا فائدہ اٹھایا اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرا دیا۔یاد رہے  کہ انگلینڈ نے سیم کرن اور بین اسٹوکس کے عمدہ کھیل کی بدولت پاکستان کو 5  وکٹوں سے شکست دے کر دوسری مرتبہ ٹی20 چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔ٹورنامنٹ  کے بہترین مقابلوں میں سے ایک میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا  گیا جہاں ززمبابوے نے پاکستان کو اپ سیٹ کر کے شائقین کر حیران کردیا اور  گرین شرٹس کو سیمی فائنل کی دوڑ سے آؤٹ ہونے کے دہانے پر پہنچا دیا۔
پرتھ  میں 130 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی پوزیشن مضبوط نظر آرہی تھی،  اس دوران شان مسعود اور شاداب خان 52 رنز کی پارٹنر شپ بنائی۔لیکن اسٹار  آل راؤنڈر سکندر رضا نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلے شاداب خان  کو پویلین کی راہ دکھائی اور پھر گلی ہی گیند پر حیدر علی کو بھی اپنا  شکار بنایا۔چند ہی لمحوں میں میچ کا پانسا پلٹ گیا اور سارا دباؤ پاکستان  پر آگیا۔سکندر رضا نے اپنے اگلے ہی اوور میں شان مسعود کی وکٹ لے کر  میچ کا نقشہ بدل دیا اور آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کے گروپ 2 میں  زمبابوے نے پاکستان کو مات دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔
میگا ایوںٹ کے 5 اہم  مواقع میں سے ایک اہم موقع وہ تھا جب ہالینڈ کے وین ڈر مروے نے بھاگتے  ہوئے جنوبی افریقی بلے باز ڈیوڈ ملر کا شاندار کیچ لیا اور پروٹیز کے خلاف  اپنی ٹیم کی یادگار فتح کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
اسکور  کارڈ پر نظر ڈالنے سے انگلینڈ کی نیوزی لینڈ کے خلاف 20 رنز فتح آسان نظر  آتی ہے لیکن جب تک گلین فلپس کریز پر موجود تھے اس وقت تک انگلینڈ کی یہ  جیت اتنی آسان نہیں تھی بین اسٹوکس نے فلپس کی وکٹ لے کر اس اہم میچ میں  اپنی ٹیم کی جیت کی راہ ہموار کی۔