پاکستان کا خواب چکناچور

 انگلینڈ کے سر سجا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کا تاج
سڈنی،13؍نومبر(ایجنسی)جوس بٹلر کی قیادت میں انگلینڈ کی ٹیم نے دوسرا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ خطاب جیت لیا ہے۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں انگلینڈ نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی۔ سیم کرن اور عادل رشید کی خطرناک گیند بازی کی بدولت انگلینڈ نے پہلے بلے بازی کرنے کیلئے اتری پاکستانی ٹیم کو صرف 137 رنز پر روک دیا ۔ اس کے بعد انگلینڈ نے بین اسٹوکس (ناٹ آؤٹ 52) اور جوس بٹلر (26) کی اننگز کی بدولت یہ ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ یہ انگلینڈ کا دوسرا ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ خطاب ہے۔ اس سے قبل سال 2010 میں ٹیم نے پال کولنگ ووڈ کی قیادت میں آسٹریلیا کو شکست دے کر پہلا خطاب جیتا تھا ۔138 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے پہلے ہی اوور میں ایلکس ہیلز (1) کا شکار کیا۔ تیسرے نمبر پر اترنے والے فل سالٹ (10) زیادہ دیر کریز پر نہیں ٹھہر سکے۔ وہ حارث رؤف کی گیند پر افتخار احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد ہندوستان کے خلاف سیمی فائنل میں نصف سنچری بنانے جوس بٹلر بھی 26 رنز بنانے کے بعد رؤف کا شکار بن گئے ۔ تاہم اس کے بعد ہیری بروک اور اسٹوکس نے اننگز کو آگے بڑھایا ، مگر 20 رنز بناکر بروک بھی شاداب خان کا شکار بن گئے ۔