ٹیم انڈیا نے وطن کو دیا دیوالی کا تحفہ

سنسنی خیز مقابلہ میں پاکستان کو 4 وکٹ سے دی شکست نئی دہلی،23؍اکتوبر(ایجنسی) وراٹ کوہلی نے ایک بار پھر ثابت کردیا کہ انہیں نمبر ون بلے باز کیوں کہا جاتا ہے۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ 2022 کے اپنے پہلے میچ میں ہندوستان نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ 160 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستان نے 31 رنز پر 4 بڑی وکٹیں گنوا دی تھیں ۔ اس سے پہلے پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور شان مسعود نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔ کوہلی نے 53 گیندوں پر ناٹ آوٹ 82 رنز بنائے۔ انہوں 6 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ دوسرے اوور میں کے ایل راہل 8 گیندوں پر 4 رنز بنا کر نسیم شاہ کے ہاتھوں بولڈ ہو گئے۔ اس کے بعد حارث رؤف نے ہندوستان کو دو بڑے جھٹکے دئے۔ روہت 7 گیندوں پر 4 رنز بنانے کے بعد سلپ پر کیچ ہو گئے۔ وہیں سوریہ کمار یادو نے 10 گیندوں پر 15 رنز بنا کر وکٹ کیپر رضوان کو کیچ دے دیا۔ اس کے بعد اکشر پٹیل 3 گیندوں پر 2 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوگئے۔ 19واں اوور تیز گیند باز حارث رؤف نے پھینکا۔ پہلی 4 گیندوں پر صرف 3 رنز بنے۔ مگر کوہلی نے 5ویں اور چھٹی گیند پر چھکا لگادیا۔ پانڈیا پہلی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔ انہوں نے 37 گیندوں پر 40 رنز بنائے۔ ایک چوکا اور دو چھکے مارے۔ دوسری گیند پر دنیش کارتک نے ایک رن لیا۔ کوہلی نے تیسری گیند پر 2 رنز لئے۔ چوتھی گیند پر چھکا مارا۔ یہ نوبال ہوگئی۔ اب 3 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے۔ کوہلی چوتھی گیند پر بولڈ ہوگئے، لیکن فری ہٹ کی وجہ سے آؤٹ نہیں ہوئے اور اس گیند پر 3 رنز بھی ملے۔ اب 2 گیندوں پر 2 رنز درکار تھے۔ کارتک 5ویں گیند پر اسٹمپ ہو گئے۔ انہوں نے 2 گیندوں پر ایک رن بنایا۔ اب ایک گیند پر 2 رنز درکار تھے۔ نواز نے اگلی گیند کو وائیڈ پھینک دیا۔ اشون نے آخری گیند پر ایک رن ​​لے کر ٹیم کو جیت دلائی۔