ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے مابین رانچی میں یک روزہ میچ آج

میچ سے پہلے سیکورٹی کے پختہ انتظامات،گھروں کی چھتوں پر مسلح سکیورٹی اہلکار تعینات ہوں گے دانش ایاز رانچی، 08 اکتوبر :(الحیات نیوز سروس) ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میچ رانچی کے جے ایس سی اے اسٹیڈیم میں 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا اور اس کے لیے سیکورٹی کے پختہ انتظامات کیے گئے ہیں۔ میچ دیکھنے کے لیے آنے والے افراد کو سختی سے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ کوئی بھی قابل اعتراض اشیاء ساتھ نہ لائیں، ایسا کرنے پر انہیں اسٹیڈیم میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی اور انہیں ڈراپ گیٹ سے واپس لوٹناہوگا۔ رانچی کے ڈپٹی کمشنر راہل کمار سنہا نے آج کہا کہ انتظامی ٹیم میچ کے دوران جے ایس سی اے ٹیم کے ساتھ تال میل میں کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں نظم و ضبط برقرار رکھنے اور بیٹھنے کے انتظامات سے متعلق کسی بھی معاملے میں پہلا ردعمل جے ایس سی اے ٹیم کی جانب سے ہوگا جس کے بعد انتظامی ٹیم صورتحال کے مطابق کام کرے گی۔رانچی کے ایس ایس پی کشور کوشل نے کہا کہ تعینات پولیس افسران اور جوانوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ وقت پر اپنے کام کی جگہ پر پہنچ جائیں اور تال میل کے ساتھ اپنی ڈیوٹی فوری طور پر کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بھی شخص غیر مجاز طور پر اسٹیڈیم میں داخل نہ ہو اور اپنے ساتھ کوئی قابل اعتراض چیز نہ لے جائے۔ انہوں نے کہا کہ سٹیڈیم میں بوتلیں، کیمرے، تھیلے،بیگ، لائٹر، ماچس یا کوئی اور قابل اعتراض اشیاء لانے پر مکمل پابندی ہوگی۔میچ کے دوران مناسب امن و امان کے لیے مجسٹریٹ کی قیادت میں پولیس فورس تعینات کی گئی ہے۔ کرکٹ کھلاڑیوں کی رانچی آمد کے لیے جھارکھنڈ پولس انتظامیہ کی طرف سے سیکورٹی کے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔ ڈی ایس پی سطح کے 29 اہلکاروں کے علاوہ 500 پولیس افسران، انسپکٹرز اور دیگر سیکورٹی اہلکاروں کو اسٹیڈیم کے اندر اور باہر تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ایک ہزار سے زائد فوجی بھی مورچہ سنبھالیں گے۔ ہوائی اڈے سے ہوٹل اور ہوٹل سے اسٹیڈیم تک کے راستے کے علاوہ جے ایس سی اے اسٹیڈیم اور ہوٹل کمپلیکس میں مناسب تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔قبل ازیں، رانچی کے ڈپٹی کمشنر اور ایس ایس پی نے میچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے پولیس-انتظامی حکام کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں ضروری ہدایات دیں۔