لداخ دورے کے بعد فوجی سربراہ بولے۔ ایل اے سی پر صورت حال نازک، ہر چیلنج کا سامنا کرنے کو تیار

نئی دہلی،04؍ستمبر(ایجنسی)ہندستان اور چین کے درمیان جاری تعطل کے دوران لداخ کے دو روزہ دورے پر گئے فوجی سربراہ منوج مکند نروانے نے کہا کہ لائن آف ایکچول کنٹرول یعنی ایل اے سی پر صورت حال سنگین اور نازک ہے۔ ایل اے سی میں موجودہ صورت حال پر فوجی سربراہ نے کہا ' ایل ای سی پر صورت حال قدرے کشیدہ ہے۔ صورت حال کو دھیان میں رکھتے ہوئے ہم نے اپنی سیکورٹی کے لئے احتیاطا تعیناتی لے لی ہے۔ ہم کسی بھی طرح کے چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔فوجی سربراہ نے کہا ' پچھلے دو مہینے سے صورت حال کشیدہ ہے لیکن ہم چین کے ساتھ فوجی اور سفارتی دونوں سطحوں پر مسلسل بات کر رہے ہیں۔ 
یہ ہو رہا ہے اور مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔ ہمیں پورا یقین ہے کہ اس بات چیت کے توسط سے ہمارے بیچ جو بھی اختلاف ہے، اس کا حل نکال لیا جائے گا۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ موجودہ صورت حال نہیں بدلی جائے اور ہم اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں اہل ہیں۔فوجی سربراہ نے کہا ' جوانوں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ کسی بھی صورت حال سے نمٹنے کے لئے پوری طرح سے تیار ہیں۔ میں پھر سے دہرانا چاہوں گا کہ ہمارے افسران اور جوان دنیا میں سب سے اچھے ہیں اور نہ صرف فوج بلکہ ملک کو بھی فخر کا احساس دلائیں گے۔ نروانے نے کہا کہ ' میں نے لیہہ پہنچنے کے بعد مختلف جگہوں کا دورہ کیا۔ میں نے افسران، جے سی او سے بات کی اور تیاریوں کا جائزہ لیا۔ جوانوں کا حوصلہ بلند ہے اور وہ سبھی چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے تیار ہیں۔