21ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام 102 سیٹوں پر چنائو مکمل ، تقریباً 60 فیصد ووٹنگ ہوئی

  نئی دہلی، 19 اپریل (یو این آئی) لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں جمعہ کو 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 سیٹوں پر سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان شام 5 بجے تک اوسطاً 59.66 فیصد ووٹنگ ہوئی۔الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ  اطلاعات کے مطابق شام 5 بجے تک مغربی بنگال میں سب سے زیادہ 77.57 فیصد اور بہار میں سب سے کم 46.32 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔پہلے مرحلے میں زیادہ سے زیادہ 102 سیٹوں پر ووٹنگ ہو رہی ہے۔مغربی بنگال کی تین سیٹوں پر 77.57 فیصد، تریپورہ کی ایک سیٹ پر 76.10 فیصد، منی پور کی دو سیٹوں پر 67.66 فیصد، میگھالیہ کی دو سیٹوں پر 69.91 فیصد اور آسام کی پانچ سیٹوں پر 70.77 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔پڈوچیری کی ایک سیٹ پر 72.84 فیصد ووٹروں نے اور چھتیس گڑھ کی ایک سیٹ پر 63.41 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ اسی طرح جموں و کشمیر کی ایک سیٹ پر 65.08 فیصد، مدھیہ پردیش کی پانچ سیٹوں پر 63.25 فیصد، اروناچل پردیش کی دو سیٹوں پر63.27  فیصد ووٹ ڈالے گئے۔سکم کی ایک سیٹ پر 63.27 فیصد، ناگالینڈ کی ایک سیٹ پر 68.06 فیصد اور ناگالینڈ کی ایک سیٹ پر 55.79 فیصد ووٹروں نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔میزورم کی ایک سیٹ پر 52.73 فیصد، اتر پردیش کی آٹھ سیٹوں پر 53.56 فیصد، اتراکھنڈ کی پانچ سیٹوں پر 57.54 فیصد، انڈمان اور نکوبار کی ایک سیٹ پر 56.87 فیصد، مہاراشٹر کی پانچ سیٹوں پر 54.85 فیصد، لکشدیپ  کی ایک سیٹ پر 59.02 فیصد،  راجستھان کی 12 سیٹوں پر 50.27 فیصد ووٹ ڈالے گئے، تمل ناڈو کی 39 سیٹوں پر 62.02 فیصد ووٹ پڑے۔ووٹنگ صبح 7 بجے شروع ہوئی جو شام 6 بجے تک جاری رہی ۔مغربی بنگال، شمال مشرقی راجستھان اور دیگر مقامات کے مختلف پولنگ اسٹیشنوں پر صبح سے ہی مرد و خواتین ووٹروں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ پہلی بار ووٹ کا حق حاصل کرنے والے نوجوان ووٹروں میں ووٹ ڈالنے کے حوالے سے کافی جوش و خروش تھا۔الیکشن کمیشن کی ایک ریلیز کے مطابق "پہلے مرحلے کی ووٹنگ کا عمل تمام 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں آسانی  سے اور پرامن طریقے سے جاری  رہا ۔ اروناچل پردیش کی 60 اسمبلی سیٹوں اور سکم کی تمام 32 اسمبلی سیٹوں پر بھی آج ووٹنگ ہوئی۔الیکشن کمیشن نے ووٹنگ کے آزادانہ اور منصفانہ انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مشاہدین کی تقرری کی ہے۔ ان کی تعیناتی کے علاوہ سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اپنے دو ساتھی الیکشن کمشنروں گیانیش کمار اور سکھویر سنگھ سندھو کے ساتھ کمیشن کے ہیڈکوارٹر سے پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں۔