وزیر خزانہ نرملاسیتارمن کے شوہر کا سنسنی خیز دعویٰ

’اگر یہ حکومت دوبارہ اقتدار میں آتی ہے تو ملک میں انتخابات نہیں ہوں گے‘
 نئی دہلی، 8 اپریل(ایجنسی)مشہور ماہر اقتصادیات پرکلا پربھاکر نے دعویٰ کیا ہے کہ اگر اس سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی جیت جاتی ہے تو ملک میں دوبارہ انتخابات نہیں ہوں گے۔ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے شوہر پرکلا پربھاکر کا یہ بیان سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہا ہے۔ انہوں نے یہاں تک دعویٰ کیا ہے کہ بی جے پی کے اقتدار میں آنے پر منی پور جیسی صورتحال پورے ملک میں ہو سکتی ہے۔ ملک کی اہم اپوزیشن پارٹی کانگریس نے پرکلا پربھاکر کے بیان کا ویڈیو شیئر کیا ہے۔کانگریس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر 1.49 منٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’2024 میں اگر مودی پھر سے وزیر اعظم بنے تو ملک میں پھر کبھی بھی انتخاب نہیں ہوں گے۔ ملک کا آئین تبدیل ہو جائے گا۔ مودی خود لال قلعہ سے ہیٹ اسپیچ دیں گے اور لداخ ومنی پور جیسی صورت حال پورے ملک میں پیدا ہو جائے گی- پرکلا پربھاکر‘‘ پارٹی نے مزید کہا ہے ’’پرکلا پربھاکر ملک کے معروف ماہر اقتصادیات ہیں اور وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن کے شوہر ہیں۔‘‘دراصل ماہر اقتصادیات پرکلا پربھاکر نے ایک یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیا ہے۔ انٹرویو کے دوران ان سے پوچھا گیا کہ اگر ملک میں تیسری بار وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت بنتی ہے تو کیا ہو جائے گا؟ اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ’’اگر ایسا ہوتا ہے تو اس بات کا امکان ہے کہ آپ کسی اور الیکشن کی توقع نہیں کر سکتے، اگر یہ حکومت 2024 کے انتخابات کے بعد واپس آتی ہے تو اس کے بعد ملک میں انتخابات نہیں ہوں گے۔‘‘پرکلا پربھاکر نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ ’’ملک کا جو آئین اور نقشہ ابھی آپ کے پاس ہے، وہ پوری طرح بدل جائے گا، آپ اسے پہچان بھی نہیں پائیں گے۔ ابھی آپ کو پاکستان بھیجنے، اسے مارنے یا بھگانے کی باتیں جو دھرم سنسد جیسی جگہوں سے سنائی دے رہی ہیں، وہ باتیں آپ لال قلعے سے سنیں گے۔‘‘ ماہر اقتصادیات نے مزید کہا کہ ’’اس طرح کی باتوں کو لے کر کھلا کھیل ہوگا، یہی سب سے بڑا خطرہ ہے۔‘‘نرملا سیتا رمن کے شوہر پرکلا نے پورے ملک میں منی پور جیسی صورتحال پیدا ہونے سے بھی خبردار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’ابھی آپ محسوس کر رہے ہیں کہ منی پور میں تشدد ہو رہا ہے، اس لیے ہمارے یہاں اس کے ہونے کا کوئی امکان نہیں ہے۔ آپ کو ایسا سوچنے کی ضرورت نہیں ہے، کیونکہ جو کچھ آج منی پور میں ہو رہا ہے، وہ کل کو آپ کے یا ہماری ریاست میں بھی ہو سکتا ہے۔ ابھی لداخ، منی پور میں جیسے حالات ہیں یا پھر کسانوں کے ساتھ جیسا سلوک ہوا ہے، وہ پورے ملک میں ہو جائےگا۔‘‘