
ممبئی، 12 جون (یواین آئی) ٹاٹا گروپ نے احمد آباد میں ایئر انڈیا کے ہوائی جہاز کے حادثے میں ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے نقد امدادی رقم فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ٹاٹا سنز کے چیئرمین این. چندر شیکھرن نے ’ایکس‘ پر ایک بیان میں ایئر انڈیا کی احمد آباد سے لندن کی پرواز نمبر 171 کےالمناک حادثے پر گروپ کی طرف سے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا، "ٹاٹا گروپ اس سانحے میں جان گنوانے والے ہر شخص کے لواحقین کو ایک ایک کروڑ روپے دے گا۔ ہم زخمی افراد کے علاج کا مکمل خرچ اٹھائیں گے اور یہ یقینی بنایا جائے گا کہ انہیں مکمل مدد ملے اور ان کا خیال رکھا جائے۔"مسٹر چندر شیکھرن نے اس کے علاوہ احمد آباد کے بی جے میڈیکل کے ہاسٹل بلڈنگ کی تعمیر نو میں مدد کابھی اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹاٹا گروپ اس ناقابل تصور دکھ کے وقت میں متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کے ساتھ کھڑا ہے۔واضح رہے کہ ایئر انڈیا کا آپریشن ٹاٹا گروپ کے ہاتھ میں ہے۔احمد آباد کے ہوائی جہاز کے حادثے کا شکار ڈریم لائنر بوئنگ 787 طیارے میں 230 مسافر اور عملے کے دو پائلٹس سمیت 12 ارکان سوار تھے۔