
نئی دہلی،12؍جون(ایجنسی)
نریندر مودی، وزیر اعظم
احمد آباد میں پیش آئے حادثہ نے ہمیں ششدر اور غمزدہ کر دیا ہے۔ یہ الفاظ سے پرے دل دہلا دینے والا حادثہ ہے۔ اس غمناک وقت میں میری ہمدردیاں اس سے متاثر سبھی لوگوں کے ساتھ ہیں۔ میں وزراء اور افسران کے رابطے میں ہوں۔ سبھی لوگ متاثرین کی مدد کے لیے کام کر رہے ہیں۔
رام موہن نائیڈو، مرکزی وزیر برائے شہری ہوابازی
احمد آباد طیارہ حادثہ کی خبر سے غمزدہ اور حیران ہوں۔ ہم الرٹ پر ہیں اور میں ذاتی طور پر حالات کا جائزہ لے رہا ہوں۔ سبھی ہوابازی ایمرجنسی ایجنسیوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بہتر طریقے سے اور تیزی سے کارروائی کریں۔ بچاؤ ٹیموں کو بھی موقع پر بھیجا گیا اور طبی سہولیات کو بھی الرٹ کیا گیا ہے۔ میری ہمدردیاں اور دعائیں طیارہ میں سوار لوگوں اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔
سونیا گاندھی، کانگریس پارلیمانی پارٹی چیئرپرسن
احمد آباد میں ہوئے دردناک طیارہ حادثہ سے میں بے حد حیران اور پریشان ہوں۔ میری ہمدردیاں مسافروں اور پائلٹ ٹیم کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں۔ جو مناظر سامنے آئے ہیں، وہ بے حد تکلیف دہ ہیں۔ پورا ملک غم میں مبتلا ہے اور دعائیں کر رہا ہے۔
راہل گاندھی، لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد
احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارہ کا حادثہ دل دہلا دینے والاہے۔ مسافروں اور عملہ کے اہلکاروں کے اہل خانہ جس تکلیف اور پریشانی کو محسوس کر رہے ہوں گے، وہ ناقابل تصور ہے۔ میری ہمدردی اور دعائیں اس ناقابل یقین حد تک مشکل لمحات میں متاثرین میں سے ہر ایک کے ساتھ ہیں۔ انتظامیہ کی طرف سے فوری بچاؤ اور راحت رسانی کی کوششیں اہم ہیں، کیونکہ ہر زندگی کی اہمیت ہے، ہر سیکنڈ اہمیت رکھتا ہے۔ کانگریس کارکنوں کو بھی زمینی سطح پر ہر ممکن مدد کرنی چاہیے۔
پرینکا گاندھی، کانگریس رکن پارلیمنٹ
میرا دل ایئر انڈیا کے طیارہ میں سوار مسافروں اور پائلٹ ٹیم کے اہل خانہ کے لیے تکلیف میں ہے۔ حادثہ خوفناک ہے، لیکن پورا ملک امید اور دعائیں کر رہا ہے کہ آپ کے پیارے اس ہولناک حادثے میں جائیں۔ خدا آپ سب کا حامی و ناصر ہو۔
چیف جسٹس گوائی نے طیارہ حادثے سے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا
سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بی آر گوائی اور ان کے ساتھی ججوں نے گجرات کے احمد آباد میں جمعرات کو ہونے والے المناک طیارہ حادثے سے متاثرہ خاندانوں کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کیا۔عدالت عظمیٰ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس اور ان کے ساتھی ججوں نے رجسٹری کے حکام کے ساتھ حادثے سے متاثرہ خاندانوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا۔چیف جسٹس نے احمد آباد کے بی جے میڈیکل کالج اور سول ہسپتال (جہاں طیارہ حادثہ ہوا) کے مریضوں کے لیے بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے۔جسٹس گوائی نے کہاکہ "ہماری تعزیت اور دعائیں اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہیں۔ ‘