مرکزی کابینہ نے کوڈرما-برکاکانہ اور بلاری-چکجاجور ریل لائنوں کو ڈبل کرنے کی دی منظوری

نئی دہلی، 11 جون (یو این آئی) مرکزی کابینہ نے جھارکھنڈ میں کوڈرما-برکاکانا ریلوے لائن اور کرناٹک میں بلاری-چکجاجور ریلوے لائن کو ڈبل کرنے کی منظوری دے دی ہے، جس سے جھارکھنڈ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے سات اضلاع میں ریلوے کے موجودہ نیٹ ورک میں تقریباً 318 کلومیٹر کا اضافہ ہو گا۔وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں بدھ کے روز یہاں منعقدہ مرکزی کابینہ کی اقتصادی امور کمیٹی کی میٹنگ میں اس سلسلے میں تجاویز کو منظوری دی گئی۔ ان پروجیکٹوں کی کل تخمینہ لاگت 6,405 کروڑ روپے ہے۔اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ پہلا پروجیکٹ 133 کلومیٹر طویل کوڈرما-برکاکانا ریلوے لائن کو ڈبل کرنے سے متعلق ہے جو جھارکھنڈ کے کوئلہ پیدا کرنے والے بڑے علاقے سے گزرتی ہے۔ اس کے علاوہ، یہ پٹنہ اور رانچی کے درمیان سب سے مختصر اور زیادہ کفایتی ریل لنک ہے۔انہوں نے کہا کہ دوسرا پروجیکٹ 185 کلومیٹر طویل بلاری-چکجاجور ریلوے لائن کو ڈبل کرنے کا ہے جو کرناٹک کے بلاری اور چتردرگا اضلاع اور آندھرا پردیش کے اننت پور ضلع سے گزرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ جھارکھنڈ، کرناٹک اور آندھرا پردیش کے سات اضلاع کا احاطہ کریں گے اور موجودہ نیٹ ورک میں تقریباً 318 کلومیٹر کا اضافہ ہوگا۔ان اقدامات سے سفری سہولت میں بہتری آئے گی، رسد کی لاگت میں کمی آئے گی، تیل کی درآمدات میں بھی کمی آئے گی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں تخفیف ہو گی۔