
نئی دہلی، 10 جون (یواین آئی) فوج نے 26ویں کارگل وجے دیوس کے موقع پر تقریباً ڈیڑھ ماہ تک جاری رہنے والے مختلف پروگراموں کے تحت اس جنگ کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادروں کے اہل خانہ کی عزت افزائی کرنے کے سلسلے میں منگل کو کیپٹن وجینت تھاپر (ویر چکر) سمیت 65 جانبازوں کے اہل خانہ کی ان کے گھروں پر جا کر عزت افزائی کی ۔فوج نے بتایا ہے کہ کارگل وجے دیوس کی 26ویں سالگرہ کے موقع پر فوج ان بہادروں کے گھروں پر جا کر، جنہوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کے اہل خانہ اور شہریوں کو بھارت ماں کے ان بہادر سپوتوں کی بے مثال جرات اور ان کی شجاعت کے بارے میں معلومات فراہم کر رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہی فوج تمام بہادر سپاہیوں کے گھروں پر جا کر احترام کے ساتھ مومنٹو پیش کر کے انہیں خراج عقیدت پیش کر رہی ہے۔فوج کے افسران کا ایک وفد کیپٹن تھاپر کے نوئیڈا میں واقع گھر پر پہنچا اور ان کے والدین سے ملاقات کر کے انہیں اظہار تشکر کا خط اور مومنٹو پیش کر کے عزت افزائی کی ۔ اس کے علاوہ فوج کے افسران نے دارالحکومت دہلی میں ویر چکر سے نوازے گئے رائفل مین انسویا پرساد کی اہلیہ، جے پور میں حولدار بستی رام کی اہلیہ، کروکشیتر میں لانس نائیک گرمیل سنگھ کے والدین، راجستھان کے ویشالی نگر میں نائیک آنند سنگھ کی اہلیہ اور دہرادون میں سینامیڈل سے نوازے گئے حولدار ہری اوم کے اہل خانہ سمیت 60 سے زائد بہادروں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انکی عزت افزائی کی ۔
اس موقع پر فوج کی جانب سے یہ جذبہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وہ اپنے بہادر ساتھیوں کو کبھی نہیں بھولتی اور نہ کبھی بھولے گی۔ فوج کا کہنا ہے، ’’یہ ہمارا فرض اور ہمارا جذبہ ہے کہ ہم ان کے اہل خانہ کو بتائیں کہ ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں گئیں ۔ ہمارے بہادر شہیدوں کا خاندان تنہا نہیں ہے، ہندوستانی فوج ان کا خاندان ہے اور پوری ہندوستانی فوج ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔‘‘فوج کا یہ اقدام بہادروں کو عزت دینے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتاتا ہے کہ ملک اپنے بہادر شہیدوں کو کبھی نہیں بھولتا۔ فوج کے اس اقدام سے بھارت ماں کے بہادر شہیدوں کے اہل خانہ جذبات سے مغلوب ہو گئے۔فوج کے مطابق یہ پروگرام وجے دیوس یعنی 26 جولائی تک منعقد کیے جائیں گے اور ان میں ملک کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے ہیروز کی بے مثال جذبہ ، قربانی اور جرات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ملک میں ہر سال 26 جولائی کو کارگل وجے دیوس منایا جاتا ہے ۔ سنہ 1999 میں اسی دن ہندوستان نے پاکستانی دراندازوں کو پسپا کرکے اسٹریٹجک طور پر اہم کارگل کی چوٹیوں کو ان کے قبضے سے آزاد کرا کے آپریشن وجے کو کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا تھا۔