ملک بھر میں عید الاضحیٰ آج

انتظامیہ کی جانب سے فلیگ مارچ اور امن امان بحال رکھنے کی تیاری 
الحیات نیوز سروس 
    رانچی،06؍جون:عید الضحیٰ یعنی بڑی عید کے موقع پر راجدھانی رانچی میں زبردست انتظام دیکھا جا رہا ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے امن وامان کو بحال رکھنے کے لیے ہر ممکن انتظامات کیے گئے ہیں۔ عید سے قبل آج شام فلیگ مارچ بھی کیا گیا ۔ دوسری جانب مسلمانوں کے اندر عید قرباں کو لے کر زبردست جوش و جذبہ اور تیاری کا ماحول ہے۔ مین روڈ میں بکروں کے بازار میں دیر رات تک بکروں کے خریداری کی گئی۔ اس موقع پر اونچے اونچے داموں پر بھی بکرے فروخت ہوئے،جسے کل صبح بعد نماز عید سنت ابراہیمی کے طور پر اللہ کی راہ میں قربان کیا جائے گا ۔ عید قربان کے موقع پر نماز کے انتظامات بھی مکمل کر لیے گئے ہیں ۔تمام مساجد اور عید گاہوں میں نماز کا وقت مقرر کر کے اسے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعے شائع کر دیا گیا ہے ،جس سے لوگوں کو آسانی ہو ۔عام طور پر لوگ قربانی کے موقع پر نماز کی ادائیگی سب سے پہلے کرتے ہیں ،چونکہ قربانی کا بھی مسئلہ ہوتا ہے۔ نماز کے لیے صبح پانچ بج کر 35 منٹ میں پہلی نماز ادا کی جائے گی، جس کا سلسلہ نو بجے تک چلے گا۔ صبح آٹھ بجے ڈورنڈہ عید گاہ میں نماز ادا کی جائے گی۔ جب کہ ہرمو روڈ عید گاہ میں نو بجے عیدالاضحٰی کی نماز ادا کی جائے گی ۔ اس موقع پر بازار میں بھی خریداروں کی بھیڑ بھاڑ دیکھی گئی اور لوگ ضرورت کے سامان خریدتے ہوئے نظرآئے۔ راجدھانی کے علاوہ ریاست کی دوسری جگہوں سے بھی عید  کی تیاریوں کی خبریں موصول ہو رہی ہیں ۔ ان میں خاص طور سے ہزاری باغ ،گریڈیہہ، دھنباد،  جمشید پور ،لوہردگا ،چائباسہ ،سمڈیگا اور سنتھال پرگنہ کے گڈا، پاکوڑ، صاحب گنج اور دمکا میں بھی عید پوری عقیدت کے ساتھ منائے جانے کی تیاریوںکی خبریں موصول ہوئی ہیں ۔ تمام مسلم تنظیموں اور اداروں کی جانب سے عوام کو یہ ہدایت دی گئی ہے کہ عید کی نماز کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قربانی کے عمل کو بھی بالکل سنت طریقے سے انجام دیں اور ہر حال میں امن و امان اور بھائی چارے کا ماحول بنائے رکھیں۔ قربانی کے وہ حصے جو استعمال میں نہیں آتے ہیں انہیںادھر ادھر پھینک کر گندگی نہ پھیلائیں بلکہ ماحولیات کو صاف ستھرا بنائے رکھنے میں انتظامیہ کی مدد کریں۔انہیں یا تو دفن کر دیں یا پھر میونسپل کارپوریشن کی آنے والی گاڑیوں کے حوالے کر دیں۔ کہیں سے گندگی اور بدبو نہ پھیل پائے۔ اس موقع پر جھارکھنڈ کے وزیر اعلی ہیمنت سورین اور گورنر جھارکھنڈ سنتوش کمار گنگوار نے بھی مسلمانوں کو عید قرباں کی مبارکباد دی ہے اور اسے پرمن ماحول میں اور بھائی چارگی کے ساتھ مناے جانے کی اپیل کی ہے۔