ای ڈی نے اروند کیجریوال کو کیا گرفتار

دو گھنٹے پوچھ گچھ کے بعد دہلی آبکاری معاملے میں ہوئی کارروائی،ہائی کورٹ سے نہیں ملی تھی راحت 
نئی دہلی، 21 مارچ (یو این آئی) انفارسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی ) نے دہلی شراب پالیسی معاملے میں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو گرفتار کرلیا ہے۔ ای ڈی کی ٹیم جمعرات شام 7بجے کیجریوال کے گھر 10واں سمن اور سرچ وارنٹ لے کر پہنچی تھی۔ جانچ ایجنسی نے دوگھنٹے تک پوچھ تاچھ کے بعد رات 9بجے یہ کارروائی کی ۔ اس درمیان دہلی کی وزیر آتشی نے کہا کہ کیجریوال دہلی کے سی ایم بنے رہیں گے ، جیل سے سرکار چلائیں گے۔ ادھر کیجریوال کی لیگل ٹیم نے سپریم کورٹ میں بھی اپیل کی ہے۔ 
 اس سے قبل دہلی ہائی کورٹ کی طرف سے کیجریوال کی گرفتاری پر روک لگانے کی عرضی خارج کر دی گئی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ ٹیم سرچ وارنٹ لے کر پہنچی ہے اور وہ بنگلے کی تلاشی بھی لے سکتی ہے۔ اس معاملے میں دہلی کے وزیر سوربھ بھاردواج کا کہنا ہے کہ یہ وزیر اعلیٰ کی گرفتاری کی تیاری ہے۔ عآپ کی لیگل ٹیم اس معاملے میں سپریم کورٹ پہنچ گئی ہے۔ اس سے پہلے ای ڈی کے ذریعہ وزیراعلیٰ کو 9 مرتبہ سمن دیئے گئے تھے لیکن وہ کسی بھی سمن پر جانچ ایجنسی کے سامنے حاضر نہیں ہوئے تھے۔ای ڈی کی ٹیم کسی بھی باہری شخص کو وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دے رہی تھی۔ دہلی کے کابینہ وزیر سوربھ بھاردواج نے وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہر نامہ نگاروں کو بتایا کہ یہاں ای ڈی کا چھاپہ مارا گیا ہے۔ پولیس کسی کو اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہی۔انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وزیر اعلی اروند کیجریوال کو گرفتار کرنے کی پوری تیاریاں ہیں۔ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے باہرعام آدمی پارٹی کے لیڈروں نے کہا کہ چھ سے آٹھ افسران کی ایک ٹیم وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے اندر گئی ہے۔ دریں اثنا، پنجاب کے وزیر اعلی بھگونت مان نے کہا، "بی جے پی کی سیاسی ٹیم (ای ڈی) کیجریوال کی سوچ کو قید نہیں کر سکتی.کیونکہ ’ آپ ‘ ہی بی جے پی کو روک سکتی ہے۔