جھارکھنڈ سمیت 6ریاستوں کے ہوم سیکرٹریز کو الیکشن کمیشن نے ہٹانے کا دیا حکم

نئی دہلی، 18 مارچ (یو این آئی) الیکشن کمیشن نے لوک سبھا انتخابات سے قبل انتخابی مشینری کی غیر جانبداری کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم میں چھ ریاستوں کے ہوم سکریٹریوں کو تبدیل کرنے کا حکم دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کمیشن نے پیر کو مغربی بنگال کے ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار کو انتخابی کام سے دور رکھنے کا بھی حکم دیا اور ریاستی حکومت سے کہا کہ وہ ان کی جگہ پر تعینات کرنے کے لیے تین پولیس افسران کے ناموں کا ایک پینل بھیجے۔ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے براہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر اقبال سنگھ چاہل کو انتخابی کام سے الگ کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے اتر پردیش، بہار، گجرات، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور جھارکھنڈ کی حکومتوں کو اپنے موجودہ ہوم سکریٹریز کو ہٹانے کا حکم دیا ہے۔ ان کی جگہ دیگر افسران کو کمیشن کی نگرانی میں تعینات کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے میزورم اور ہماچل پردیش کی حکومتوں کو اپنے عمومی انتظامی محکموں کے سکریٹریوں کو تبدیل کرنے کے حوالے سے ہدایات بھی جاری کی ہیں۔کمیشن نے مغربی بنگال حکومت کو حکم دیا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل آف پولیس راجیو کمار کو ان کے موجودہ چارج سے ہٹا کر انہیں غیر انتخابی کام پر تعینات کیا جائے۔ کمیشن نے ریاستی حکومت سے کہا ہے کہ وہ تین پولیس افسران کے ناموں کی فہرست بھیجے تاکہ ان کی جگہ پر تعینات کیے جانے والے افسر کا انتخاب کیا جا سکے۔ ریاستی حکومت کو اس سلسلے میں کارروائی مکمل کرنے کے لیے آج شام 5 بجے تک کا وقت دیا گیا ہے۔ واضح ہو کہ جن افسران کو ہٹایا گیا ہے وہ متعلقہ ریاستوں میں وزیر اعلیٰ دفتر میں دوہرے چارج پر تھے۔ مغربی بنگال کے راجیو کمار ڈی جی پی کو ہٹایاگیا ہے۔ اترپردیش کے سنجئے پرساد ، گجرات کے پنکج جوشی ، بہار کے ایس سدھارتھ ، جھارکھنڈ کے اروا راجکمل ،اتراکھنڈ کے شیلش بگولی ، ہماچل پردیش کے ابھیشیک جین یہ متعلقہ ریاستوں کے داخلہ سکریٹریز کو ہٹایاگیا ہے ۔و ہیں مہاراشٹرا کے اقبال سنگھ چہل کو ہٹایاگیا ہے۔ وہیں ٹی ایم سی نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی نے سنٹرل ایجنسیوں کا کنٹرول اپنے ہاتھ میں لیاہے۔ انھوں نے کہاہے کہ ڈی جی پی کو ہٹایاجانا غلط کارروائی ہے۔ ہم نے دیکھا ہے کہ بی جے پی الیکشن کمیشن سمیت کئی اداروں کو اپنے ہاتھوں میںلینے کی کوشش کررہی ہے۔  لوک سبھا چنائو کے اعلان کے بعد آج جو ہوا یہ بی جے پی کا آئینہ ہے۔