ہردا میں پٹاخہ فیکٹری میں زبردست دھماکہ

  11 افراد ہلاک، 165 سے زائد زخمی، علاقے میں افراتفری
    ہردا،06؍فروری(ایجنسی) مدھیہ پردیش کے ہردا ضلع میں ایک پٹاخہ فیکٹری میں متعدد دھماکوں کے ساتھ زبردست آگ لگ گئی۔ یہ دھماکے اس قدر شدید تھے کہ آس پاس کی عمارتیں لرز گئیں۔ کچھ عمارتوں کے منہدم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ آگ نے قریبی گھروں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس حادثے میں اب تک 11 افراد کے موت کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے۔ 167 سے زائد زخمی ہیں، جن میں سےکچھ کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پٹاخہ کی یہ فیکٹری ہردا میں مگردا روڈ پر بیرا گڑھ رِہٹا نامی جگہ پر واقع ہے۔یہ حادثہ اس قدر تیزی سے ہوا کہ جو لوگ اندر تھے وہ باہر نہیں نکل سکے۔ بتایا جاتا ہے کہ دھماکے کی وجہ سے اینٹ وپتھر اڑ اڑ کر دور سڑکوں پر گرنے لگے جس کی وجہ سے کئی لوگ زخمی ہوگئے، جبکہ کچھ لوگوں کے بیہوش ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ ضلع کلکٹر رشی گرگ جائے حادثہ پر موجود ہیں، انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کہ ’’اس حادثے سے متاثر ہونے والے 25 لوگوں کو اسپتال لے جایا گیا ہے، جن میں سے کئی کی حالت نازک ہے۔ آگ بھیانک ہے اور اس پر قابو پانے کے لیے آس پاس کے علاقے سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کر لی گئی ہیں۔‘‘ ریاستی حکومت کے سابق وزیر کمل پٹیل نے اس حادثے کو افسوسناک قرار دیا ہے۔ انہوں نے بھی آس پاس کے علاقوں سے فائر بریگیڈ کی گاڑیاں طلب کرنے کی بات کہی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’اس فیکٹری پر پابندی لگا دی گئی تھی اور اسے بلیک لسٹ کر دیا گیا تھا، اس کے بعد بھی یہ کیسے چل رہی تھی؟ یہ جانچ کے بعد ہی پتہ چلے گا۔‘‘سابق وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان نے اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہردا میں پٹاخہ فیکٹری میں دھماکے کی خبر انتہائی افسوسناک ہے۔ میں اس حادثے میں پھنسے لوگوں کے بحفاظت باہر آنے اورزخمیوں کے جلد صحت یاب ہونے کی دعا کرتا ہوں۔‘‘