ہندستانی بحریہ کے مارکوس کمانڈوکا کامیاب آپریشن

15بھارتیوں سمیت 21کرو ممبرس کو ہائی جیک کئے گئے جہاز سے بچایاگیا 
نئی دہلی، 05 جنوری (یو این آئی) ہندوستانی بحریہ نے بحیرہ عرب میں لائبیریا کے کارگو جہاز 'ایم وی لیلا نورفوک کو ہائی جیک کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے حملہ آوروں کو بھگا دیا اور عملے کے تمام 21 ارکان کو بحفاظت بچا لیا، جن میں 15 ہندوستانی بھی شامل ہیں۔بحریہ نے جمعہ کی شام ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کارگو جہاز سے 15 ہندوستانیوں سمیت عملے کے تمام 21 ارکان کو بچا لیا گیا ہے۔ بحریہ کے مارکوس کمانڈوز نے جہاز کی تلاشی لینے کے بعد تصدیق کی کہ تمام حملہ آور فرار ہو گئے ہیں۔ بحریہ نے کہا ہے کہ اس کی بروقت فوری کارروائی اور سخت وارننگ حملہ آوروں کے فرار ہونے کا سبب بنی۔ ہندوستانی بحریہ کا جنگی جہاز آئی این ایس چنئی کارگو جہاز تک پہنچ گیا ہے اور اس کے نظام کو دوبارہ شروع کرنے میں مدد کر رہا ہے۔
لائبیریا کے جھنڈے والے جہاز کو جمعرات کی شام صومالیہ کے ساحل سے ہائی جیک کر لیا گیا تھا۔ایک سرکاری بیان کے مطابق  ہائی جیک کیے گئے جہاز نے یونائیٹڈ کنگڈم میری ٹائم ٹریڈ آپریشنز (UKMTO) کے پورٹل کو ایک پیغام بھیجا تھا جس میں 04 جنوری کی شام تقریباً پانچ سے چھ نامعلوم مسلح افراد کے سوار ہونے کی نشاندہی کی گئی تھی۔ہندوستانی بحریہ نے یہ پیغام موصول ہونے کے بعد میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ (ایم پی اے) لانچ کیا اور بحری حفاظتی کارروائیوں کے لیے تعینات آئی این ایس چنئی کو جہاز کی مدد کے لیے موڑ دیا۔طیارے نے جمعہ کی صبح جہاز کے اوپر سے پرواز کی اور عملے کی حفاظت کو یقینی بناتے ہوئے اس سے رابطہ قائم کیا۔بیان میں کہا گیا  ہے کہ بحریہ کے طیارے مسلسل سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے تھے اور آئی این ایس چنئی مدد فراہم کرنے کے لیے جہاز کے قریب آ رہا تھا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ہندوستانی بحریہ بین الاقوامی ساجھیداروں اور دوست ممالک کے ساتھ خطے میں تجارتی جہازوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔