راشن گھوٹالہ کی جانچ: ترنمول کانگریس کے لیڈر شاہجہاں شیخ کے گھر پر چھاپہ کے دوران ای ڈی کی ٹیم پرحملہ۔تین زخمی

کلکتہ 5جنوری (یواین آئی) راشن بدعنوانی معاملے میں ترنمول کانگریس کے لیڈر شاہجاں شیخ کے گھر پر تلاشی کے دوران ان کے حامیوں نے ای ڈی کے اہلکاروں پر حملہ کردیا جس میں تین افسران زخمی ہوگئے ہیں ۔تینوں افسران کو سالٹ لیک کے ایک پرائیوٹ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ای ڈی ذرائع کے مطابق سندیش کھالی میں زخمی ہونے والے تین افسران میں سے ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر راجکمار رام ہے۔ وہ باہر سے آئے تھے۔ دیگر دو زخمی اہلکاروں کی شناخت انکور اور سومناتھ دتہ کے طور پر ہوئی ہے۔ای ڈی کے پانچ اہلکاروں کی ایک ٹیم نے جمعہ کی صبح تقریباً 7:30بجے شمالی 24 پرگنہ کے سندیش کھالی میں ترنمول لیڈر شاہجہان شیخ کے گھر پر چھاپہ مارا۔ مرکزی فورسز بھی وہاں موجود تھیں۔