میرے پاس تو سائیکل بھی نہیں، آپ نے ماروتی لے لی: مودی

بھوپال، نئی دہلی، 27 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج مدھیہ پردیش کے دیواس ضلع سے تعلق رکھنے والی سیلف ہیلپ گروپ کی کارکن روبینہ خان سے بات چیت کرتے ہوئے مزاحیہ لہجے میں کہا کہ ان کے (مسٹر مودی) پاس تو سائیکل بھی نہیں ہے اور سیلف ہیلپ گروپ کی کارکن نے  خود کے روزگار کے مواقع پیدا کرتے  ہوئے 'ماروتی وین لے لی۔مسٹر مودی 'وکست بھارت سنکلپ یاترا کے استفادہ کنندگان کے ساتھ بات چیت کے پروگرام سے ورچولی خطاب کر رہے تھے۔ اس دوران انہوں نے دیواس ضلع میں ایک لاکھ تین ہزار دیدیؤں کے گروپ کی رکن روبینہ خان سے بات چیت کی۔ اس پروگرام میں وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بھی ورچولی ریاستی وزارت سے شامل ہوئے۔اپنی زندگی کے تناظر میں مسز خان نے مسٹر مودی کو بتایا کہ وہ شروع میں ایک مزدور تھیں۔ 2017 میں انہوں نے ایک سیلف ہیلپ گروپ میں شمولیت اختیار کی اور قرض لے کر گاؤں میں ہی کام کرنا شروع کیا۔ اب اسی کام کی بدولت انہوں نے ماروتی وین خریدی۔ اس پر مسٹر مودی نے کہا کہ آپ ماروتی لے آئی ہیں، میرے پاس تو سائیکل بھی نہیں ہے۔مرکزی حکومت کی اسکیموں سے استفادہ کرنے والی مسز خان نے بتایا کہ کورونا کے دور میں انہیں انتظامیہ سے سینیٹائزر، ماسک اور پی پی ای کٹس بنانے کا کام ملا، شروع میں کچھ بہنیں ڈر گئیں، لیکن پھر ملک کی مشکلات کو دیکھ کر انہوں نے ماسک بنانا شروع کر دیے اور مختلف جگہوں پر تقسیم کیے ۔ اس عرصے کے دوران تقریباً 60-70 ہزار روپے کے ماسک اور کٹس فی خاتون بنائے گئے۔اس پر وزیر اعظم مودی نے مسز خان کو مخاطب ہوتے ہوئے پوچھا کہ کیا وہ ان کا ایک خواب کو پورا کرنے میں ان کی مدد کریں گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پورے ملک  میں سیلف ہیلپ گروپس سے وابستہ بہنیں ہیں، ان کا خواب ہے کہ ان میں سے دو کروڑ دیدیوں کو لکھپتی بنائیں۔