حکومت سے کوئی لڑائی نہیں، مجھے صرف کھلاڑیوں کی فکر ریسلنگ فیڈریشن کی تحلیل پر ساکشی ملک کا بیان

نئی دہلی،24؍دسمبر(ایجنسی) وزارت کھیل نے اتوار کو ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے نو منتخب ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کو تحلیل کر دیا۔ یاد رہے کہ جمعرات 21 دسمبر کو ڈبلیو ایف آئی کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد سے تنازعہ جاری تھا۔ ساکشی ملک نے فیڈریشن کے انتخاب پر غم کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس کے دوران اپنے جوتے اتار کر میز پر رکھ دیے تھے اور کشتی چھوڑنے کا فیصلہ کر دیا تھا۔اس کے بعد جب اتوار کو وزارت نے نومنتخب فیڈریشن کو معطل کیا تو سابق ریسلر ساکشی ملک نے رد عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ’’حکومت سے کوئی لڑائی نہیں ہے۔ لڑائی صرف کھلاڑیوں کے لیے تھی۔ مجھے بچوں کی فکر ہے۔‘‘حال ہی میں ہونے والے انڈین ریسلنگ فیڈریشن کے انتخابات میں برج بھوشن شرن سنگھ کے قریبی مانے جانے والے سنجے سنگھ نے الیکشن جیت لیا تھا۔ انہوں نے پہلوان انیتا شیوران کو شکست دی۔ سنجے سنگھ کے الیکشن جیتنے پر پہلوانوں نے احتجاج کیا اور ساکشی ملک نے ریسلنگ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اس کے بعد بجرنگ پونیا نے اپنا پدم شری ایوارڈ واپس کر دیا۔ اس کے خلاف کچھ دوسرے پہلوانوں نے بھی احتجاج کیا۔