بجرنگ پونیا نے ’پدم شری‘ لوٹایا

 فٹ پاتھ پر رکھ کر چھوڑ دیا، پی ایم مودی کو لکھا طویل خط
   نئی دہلی،22؍دسمبر(ایجنسی) ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کے نئے صدر سنجے سنگھ کے خلاف پہلوانوں کی ناراضگی بڑھتی ہی جا رہی ہے۔ گزشتہ روز خاتون پہلوان ساکشی ملک نے سنجے سنگھ کے صدر بننے کی خبر پر کُشتی سے ریٹائرمنٹ کا ہی اعلان کر دیا تھا، اور آج مشہور پہلوان بجرنگ پونیا نے ’پدم شری‘ ایوارڈ لوٹانے کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔ اس خط کی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے بجرنگ نے لکھا ہے ’’میں اپنا پدم شری ایوارڈ وزیر اعظم جی کو واپس لوٹا رہا ہوں۔ کہنے کے لیے بس میرا یہ خط ہے۔ یہی میرا اسٹیٹمنٹ ہے۔‘‘سوشل میڈیا پر بجرنگ پونیا کے ’پدم شری‘ ایوارڈ لوٹانے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہے۔ یہ ویڈیو وزیر اعظم رہائش کے باہر کی بتائی جا رہی ہے۔ ویڈیو میں بجرنگ پونیا وزیر اعظم رہائش کے سامنے فٹ پاتھ پر ہی اپنا پدم شری ایوارڈ رکھ کر واپس لوٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہاں موجود پولیس افسر ان سے ایسا نہ کرنے کی اپیل کر رہے ہیں، لیکن بجرنگ پدم شری رکھ کر واپس لوٹ جاتے ہیں۔ اس درمیان وزارت کھیل کا ایک بیان بھی سامنے آیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ بجرنگ سے اس فیصلے کو پلٹنے کے لیے غور کرنے کی بات کہیں گے۔بجرنگ پونیا نے پی ایم مودی کو جو خط لکھا ہے اس میں کہا گیا ہے کہ ’’معزز وزیر اعظم جی، امید ہے آپ صحت مند ہوں گے۔ آپ ملک کی خدمت میں مصروف ہوں گے۔ آپ کی اس مصروفیت کے درمیان آپ کا دھیان ہماری کشتی کی طرف دلوانا چاہتا ہوں۔ آپ کو پتہ ہوگا کہ اسی سال جنوری ماہ میں ملک کی خاتون پہلوانوں نے ریسلنگ فیڈریشن پر قابض برج بھوشن سنگھ پر جنسی استحصال کے سنگین الزامات عائد کیے تھے۔ جب ان خاتون پہلوانوں نے اپنی تحریک شروع کی تو میں بھی اس میں شامل ہو گیا تھا۔ تحریک چلانے والے پہلوان جنوری میں اپنے گھر لوٹ گئے جب انھیں حکومت نے سخت کارروائی کی بات کہی۔ لیکن تین مہینے گزر جانے کے بعد بھی جب برج بھوشن پر ایف آئی آر تک نہیں کی تب ہم پہلوانوں نے اپریل ماہ میں دوبارہ سڑکوں پر اتر کر مظاہرہ کیا تاکہ دہلی پولیس کم از کم برج بھوشن سنگھ پر ایف آئی آر درج کرے۔ لیکن پھر بھی بات نہیں بنی تو ہمیں عدالت میں جا کر ایف آئی آر درج کروانی پڑی۔ جنوری میں شکایت دہندہ خاتون پہلوانوں کی تعداد 19 تھی جو اپریل تک آتے آتے 7 رہ گئی تھی۔ یعنی ان تین مہینوں میں اپنی طاقت کے دم پر برج بھوشن سنگھ نے 12 خاتون پہلوانوں کو اپنے انصاف کی لڑائی سے پیچھے ہٹا دیا تھا۔‘‘