جنگجوئوں کے حملہ میں 3 فوجی جاں بحق، تین زخمی

جموں،21دسمبر(یو این آئی)جموں وکشمیر کے راجوری ضلع کے تھانہ منڈی بفلیاز علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فورسز کی دو گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس نتیجے میں 3 فورسزاہلکار برسر موقع ہی جاں بحق ہوئے جبکہ مزید تین کو تشویشناک حالت میں فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔معلو م ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد فوج نے بدھ کے روز ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا۔ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر تھانہ منڈی راجوری کے بفلیاز علاقے میں ملی ٹینٹوں نے فوج کی د و گاڑیوں پر گھات لگا کر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6اہلکار شدید طورپر زخمی ہوئے ۔معلوم ہوا ہے کہ گولیوں کی آوازیں سنتے ہی آس پاس تعینات اہلکار جائے موقع پر پہنچے اور زخمیوں کو طبی امداد کی خاطر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا تاہم وہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے تین فوجیوں کو مردہ قرار دیا۔ذرائع نے مزید بتایا حملے کے بعد فوج نے بھی جوابی کارروائی شروع کی تاہم ملی ٹینٹ گھنے جنگلات کی طرف بھاگنے میں کامیاب ہوئے جنہیں مار گرانے کی خاطر فوج کی اضافی کمک کو جنگلی علاقے کی اور روانہ کیا گیا ہے۔دریں اثنا جموں نشین دفاعی ترجمان نے بتایاکہ راجوری اور پونچھ کے جنگلی علاقوں میں 20دسمبر سے ملی ٹینٹ مخالف آپریشن جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ جمعرات سہ پہر 3بجکر 45منٹ پر دہشت گردوں نے دو فوجی گاڑیوں پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی جس کے نتیجے میں تین اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوئے جبکہ مزید تین فورسز اہلکاروں کو علاج ومعالجہ کی خاطر ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ فوج نے ایک وسیع علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن کا دائرہ مزید کئی علاقوں تک وسیع کیا ہے۔موصوف ترجمان کے مطابق علاقے میں ملی ٹینٹ مخالف آپریشن ہنوز جاری ہے۔علاوہ ازیں تھانہ منڈی بفلیاز شاہراہ کو گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا ہے۔حکام نے بتایا کہ تھانہ منڈی راجوری میں انکاونٹر کے پیش نظر بفلیاز روڈ پر فی الحال گاڑیوں کی آمدورفت روک دی گئی ہے۔