ہندوستان میں جمہوریت کے مستقبل پر شک کرنے والے حقیقت سے دور ہیں: مودی

نئی دہلی، 21 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ایک برطانوی اخبار کے ساتھ بات چیت میں کہا ہے کہ ان کی قیادت میں ہندوستان میں آئینی تبدیلی اور ملک میں جمہوریت کے مستقبل کے بارے میں خدشات ظاہر کرنے والے ان کے ناقدین ملک کی زمینی حقیقت سے نابلد ہیں اور ان کی طرف سے پھیلائی جانے والی ایسی باتیں بے معنی ہیں۔برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز سے بات کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہاکہ ’’آئین میں تبدیل کرنے کی کسی بھی بات کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ ہندوستان میں جمہوریت کو لاحق خطرات پر اپنی پارٹی اور حکومت پر تنقید کے بارے میں ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمارے ناقدین کے اپنے خیالات ہوسکتے ہیں اور انہیں اپنے خیالات کے اظہار کی مکمل آزادی ہے لیکن اکثر تنقید کی صورت میں اور ایسے الزامات کے حوالے سے کچھ بنیادی سوالات ہیں۔‘‘مسٹر مودی نے کہاکہ "ان کے (ناقدین) کے اس طرح کے الفاظ نہ صرف ہندوستان کے لوگوں کی عقل کی توہین ہیں بلکہ وہ ملک کے تنوع اور جمہوریت کے تئیں ہندوستان کے لوگوں کی گہری وابستگی کو بھی نظر انداز کرتے ہیں۔" دہلی میں اپنی رہائش گاہ پر فنانشل ٹائمز کو دیے گئے اس انٹرویو میں انہوں نے اقلیتوں کی حالت کے علاوہ ہندوستان میں جمہوریت کی حالت اور کینیڈا اور امریکہ میں کچھ افراد کے قتل یا قتل کی منصوبہ بندی میں ہندوستانی ایجنسیوں کے ملوث ہونے کے الزامات کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔