سونیا گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کا گاندھی مجسمہ پر مظاہرہ، نئی پارلیمنٹ تک پیدل مارچ

   نئی دہلی،20؍دسمبر(ایجنسی) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کی قیادت میں اپوزیشن پارٹیاں پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں گاندھی مجسمہ کے پاس جمع ہوئیں اور اپوزیشن ارکان کی پارلیمنٹ سے معطلی کے خلاف احتجاج کیا اور حکومت کے خلاف نعرے لگائے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے، راہل گاندھی اور دونوں ایوانوں سے معطل ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ تمام جماعتوں کے قائدین نے احتجاج میں شرکت کی۔ اپوزیشن لیڈران گاندھی کے مجسمہ پر جمہوریت بچاؤ کے پوسٹروں اور بینرز کے ساتھ جمع ہوئے اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔گاندھی مجسمہ پر احتجاج اور نعرے بازی کے بعد سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اپوزیشن ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ پارلیمنٹ کی نئی عمارت تک پیدل مارچ کیا۔ خیال رہے کہ پارلیمنٹ میں مسلسل ہنگامہ آرائی پر سخت کارروائی کرتے ہوئے منگل کو لوک سبھا کے مزید 49 ممبران اسمبلی کو ایوان سے معطل کر دیا گیا۔پیر کو بھی راجیہ سبھا کے 45 اور لوک سبھا کے 33 ممبران سمیت کل 78 ممبران پارلیمنٹ کو معطل کر دیا گیا تھا۔ اس سے پہلے گزشتہ ہفتے لوک سبھا کے 13 ممبران پارلیمنٹ اور ایک راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ کو بھی معطل کر دیا گیا تھا۔ دونوں ایوانوں میں اب تک کل 141 ارکان پارلیمنٹ کو معطل کیا جا چکا ہے۔