ششی کپور نے رومانوی ہیرو کے طورپر شناخت بنائی

ممبئی،17 مارچ (یواین آئی)مشہور اداکار ششی کپور کا نام ایک ایسے اداکار کے طورپر لیا جائے گا جنہوں نے اپنی رومانوی اداکاری سے تقریباً تین دہائیوں  تک شائقین کی بھرپور تفریح کی۔۔18مارچ 1938 کو پیدا ہوئے ششی کپور کا اصل نام بلبیر راج کپور تھا ۔ان کا رجحان بچپن سے ہی فلموں کی جانب تھا د اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ان کے والد مشہور و مقبول اداکار پرتھوی راج کپور اور بھائی راج کپور اور شمی کپور فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار تھے۔ان کے والد اگر چاہتے تو وہ انہیں لے کر فلم بناسکتے تھے لیکن ان کا خیال تھا کہ ششی جدوجہد کریں اور اپنی محنت سے اداکار بنیں۔ششی کپور  نے اپنے طویل  فلمی کیریئر  کی شروعات اپنے بچپن میں کی تھی۔چالیس  کی دہائی میں انہوں نے کئی فلموں میں چائلڈ ایکٹر کے طورپر کام کیا۔ان میں 1948 میں ریلیز ہوئی فلم آگ اور 1951 میں آوارہ شامل ہیں جن میں انہوں نے راج کپور کے بچپن کا کردار ادا کیا ہے۔پچاس کی دہائی میں ششی اپنے والد کے تھیئٹر  سے وابستہ ہوگئے۔اسی دوران ہندوستان اور شمالی ایشیا  کے سفر پر آئے برطانوی ڈرامہ گروپ شیکسپیئر  سے وہ وابستہ ہوگئے جہاں ان کی ملاقات  گروپ کے کنوینر کی صاحبزادی  جینیفر  کیڈل سے ہوئی۔وہ ان سے محبت کربیٹھے اور بعد میں انہی سے شادی کرلی۔ششی کپور نے  بطور اداکار  باقاعدہ شروعات 1961میں یش چوپڑا کی فلم دھرم پتر سے کی۔اس کے بعد انہیں ومل رائے کی فلم پریم پتر میں بھی کام کرنے کا موقع ملا لیکن  بدقسمتی سے دونوں ہی فلمیں ناکام ثابت ہوئیں۔اس کے بعد ششی کپور نے مہندی لگی میرے ہاتھ ،ہولی ڈے ان بامبے اور بے نظیر  جیسی فلموں میں بھی کام کیا لیکن یہ سبھی فلمیں کچھ خاص کمال نہیں دکھا سکیں۔1965میں ششی کپور  کے کیریئر نے اہم موڑ لیا۔اس سال ان کی فلم جب جب پھول کھلےریلیز ہوئی۔بہترین نغموں ،موسیقی اور اداکاری سے آراستہ اس فلم کی زبردست کامیابی نے ششی کپور  کے کیریئر کو ایک نئی سمت دی۔سال 1965میں ہی ششی کپور کے کیریئر کی ایک اور بہترین فلم وقت ریلیز ہوئی۔اس فلم میں ان کے سامنے بلراج ساہنی ،راج کمار اور سنیل دت جیسے مشہور اور بہترین اداکار تھے۔اس کے باوجود اپنی اداکاری سے شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کرنے میں وہ کامیاب رہے۔یہ فلم اس وقت کی بہترین اور سپر ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ان فلموں کی کامیابی کے بعد ششی کپور  کی شبیہ رومانوی ہیرو کی بن گئی اور فلم ساز  اور ہدایت کاروں نے بیشتر فلموں میں ان کی اسی شبیہ کو پیش کیا ۔1965سے 1976کے درمیان کامیابی کے سنہرے  دور میں ششی کپور نے جن فلموں میں کام کیاان میں زیادہ تر ہٹ ثابت ہوئیں۔اسی  (80) کی دہائی میں ششی کپور نے فلم پروڈکشن کے میدان میں بھی قدم رکھا اور جنون فلم بنائی۔اس کے بعد انہوں نے کل یگ، 36چورنگی لین،وجیتا،اتسو وغیرہ فلمیں بھی بنائیں۔حالانکہ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہوئیں لیکن ان فلموں کو ناقدین نے کافی پسند کیا۔سال 1991 میں اپنے دوست امیتابھ بچن کو لے کر انہوں نے اپنی کثیرالمقاصد فلم عجوبہ بنائی اور ہدایت کاری بھی کی لیکن بے جان اسکرپٹ کی وجہ سے فلم زیادہ کامیابی حاصل نہیں کرسکی۔حالانکہ یہ فلم بچوں کو بہت پسند آئی۔ششی کپور کے سنی کیریئر  میں ان کی جوڑی اداکارہ شرمیلا  ٹیگور اور نندا کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔ان سب کے درمیان ششی کپور نے اپنی جوڑی سپر اسٹار امیتابھ بچن کے ساتھ بھی بنائی اور کامیاب رہے۔یہ جوڑی سب سے پہلے فلم دیوار میں ساتھ نظر آئی۔بعد میں اس نے ایمان دھرم،تریشول ،شان ،کبھی کبھی،روٹی کپڑا اور مکان،سہاگ،سلسلہ،نمک حلال، کالا پتھر  اور اکیلا میں بھی کام کیا اور شائقین کی تفریح کی۔نوے کی دہائی میں صحت خراب رہنے کی وجہ سے ششی کپور نے فلموں میں کام کرنا تقریباً بند کردیا۔1998میں ریلیز ہوئی فلم جناح ان کے کیریئر کی آخری فلم ہے جس میں انہوں نے مرکزی کردار ادا کیا۔ششی کپور نے تقریباً 200فلموں میں کام کیا ہے۔ششی کپور کو فلم انڈسٹری کے پروقار اعزاز دادا صاحب پھالکے سے بھی نوازا جاچکا ہے۔ ششی کپور نے تقریباً  116 فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے ،جبکہ  61 فلموں میں کلیدی رول ادا کیا ہےاور تقریباً  55فن کاروں کے ساتھ کام کیا۔امیتابھ بچن کے ساتھ فلم دیوار میں کام کیا ۔ ان دونوں کی جوڑی کو شائقین نے بہت پسند کیا اور ان کا مکالمہ ’میرے پاس ماں ہے‘ مداحوں کے درمیان کافی مقبول ہے۔حکومت ہند نے 2011میں ششی کپور کو پدم بھوشن ایوارڈ سے نوازا تھا۔2015میں وہ داد صاحب پھالکے ایوارڈ سے بھی سرفراز کئے گئے تھے۔ پرتھوی راج کپور اور راج کپور کے بعد یہ   ایوارڈ حاصل کرنے والے وہ  خاندان کے تیسرے رکن تھے۔ششی کپور نے 148 ہندی اور بارہ انگریزی فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔ پردہ سمیں پر محمد رفیع اور دوسرے اہم گلوکاروں کی آواز میں ان کے نغمے  آج بھی سننے والوں کے اندر زندگی سے بھرپورمزاح پیدا کردیتے ہیں ۔  تقریباً تین دہائیوں تک ناظرین کو محظوظ کرنے والے ششی کپور 4 دسمبر 2017 کو  اس دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ  کے لئے رخصت ہوگئے۔