اداکار، ہدایت کار ستیش کوشک کا 67 سال کی عمر میں انتقال

نئی دہلی، 9 مارچ (یو این آئی) بالی ووڈ کے مشہور اداکار اور ہدایت کار ستیش کوشک کا جمعرات کی صبح گروگرام کے فورٹس اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کے قریبی دوست انوپم کھیر نے ٹوئٹر پر یہ اطلاع دی ہے۔مسٹر کھیر نے ٹویٹ کیا، 'میں جانتا ہوں کہ موت اس دنیا کی آخری سچائی ہے! لیکن میں نے خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ میں جیتے جی اپنے بہترین دوست ستیش کوشک کے بارے میں یہ لکھوں گا۔ 45 سال کی دوستی کا ایسا اچانک خاتمہ!! آپ کے بغیر زندگی  پہلے جیسی نہیں ہوگی، ستیش! اوم شانتی۔"ان کی عمر 67 برس تھی۔ مسٹر ستیش کوشک 13 اپریل 1956 کو مہندر گڑھ، ہریانہ میں پیدا ہوئے تھے۔وہ اداکار بننے کے لیے 9 اگست 1979 کو ممبئی آئے تھے۔انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز 1983 میں فلم ’جانے بھی دو یارو‘ سے کیا۔ انہوں نے 100 سے زائد فلموں میں اداکاری کی۔مسٹر کوشک کو فلم مسٹر انڈیا میں کیلنڈر کے کردار سے اداکاری میں پہچان ملی۔ انہوں نے مزاحیہ کردار کے ساتھ ساتھ سنجیدہ کردار بھی ادا کئے۔ انہیں سال 1990 میں فلم 'رام لکھن اور سال 1997 میں فلم 'ساجن چلے سسرال کے لیے بہترین کامیڈین کے فلم فیئر ایوارڈ سے نوازا گیا۔انہوں نے 1993 میں فلم روپ کی رانی چوروں کا راجہ سے ہدایت کاری کا آغاز کیا اور 12 سے زائد فلموں کی ہدایت کاری کی۔