ویزنجم بندرگاہ کی افتتاحی تقریب سے بہت سے لوگوں کی ’نیند حرام‘ ہوگی : مودی

ترواننت پورم، 2 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کیرالہ کے ساحل کے قریب ویزنجم بندرگاہ کے رسمی افتتاح کے موقع پر کانگریس اور کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے کچھ سینئرلیڈروں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے جمعہ کو کہا کہ اس تقریب  سے کچھ لوگوں کی ’نیندحرام‘ ہوجائے گی۔اس پروگرام کو ایک پیغام کے طور پر بتاتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ یہ اشارہ ان لوگوں تک پہنچ گیا ہے جہاں اسے پہنچنا تھا۔ انہوں نے تقریب میں سی پی آئی (ایم) کے رہنما اور کیرالہ کے وزیر اعلی پی وجین اور کانگریس ترواننت پورم  کے ایم پی ششی تھرور کی موجودگی کا خاص طور پر ذکر کیا اور کہا، " ہمارے وزیر اعلی  جی (مسٹر وجین) سے بھی  میں کہنا چاہوں گا، آپ  تو انڈی الائنس (اپوزیشن  اتحاد)  کے بہت  بڑے مضبوط ستون ہیں، یہاں ششی تھرور بھی بیٹھے ہیں  اور آج کا  یہ ایونٹ بہت سے لوگوں کی نیندحرام کردے گا۔ وہاں پیغام پہنچ گیا جہاں جاناتھا۔اس تقریب میں کیرالہ کے گورنر راجندر ارلیکر اور دیگر معززین موجود تھے۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر تھرور نے جمعرات کو اس پروگرام کے بارے میں سوشل میڈیا پر ایک  پوسٹ میں اپنے حلقے میں وزیر اعظم کا خیرمقدم کرتے ہوئے ایک تصویر ڈالی تھی۔ انہوں نے لکھا تھا، "دلی کے مشکل بھرے ہوائی اڈے پر تاخیر کے باوجود، میں اپنے حلقے میں وزیر اعظم کی آمد پر ان کا استقبال کرنے کے لیے وقت پر پہنچا۔" ارب پتی کاروباری گوتم اڈانی گروپ کی کمپنی اڈانی پوٹس اینڈ اے ای زیڈ لمیٹڈ کے ذریعہ  8800 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کردہ گہرے سمندر میں ویزنجم  ٹرانس شپمنٹ پورٹ کی عمدہ کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ مسٹر اڈانی کو گجرات کے لوگوں کے غصے کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔
کیونکہ وہ گجرات میں طویل عرصے سے کام کر رہے ہیں لیکن وہاں انہوں نے کیرالہ جیسا خوبصورت کام نہیں کیا ہے۔وزیر اعظم نے اسٹیج سے ہی کیرالہ کے بندرگاہوں کے وزیر (مسٹر رامچندرن کڈناپلی) کی ایک بات کو پکڑ کر   اپنے  خطاب میں اس کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے کہا، "شاید میڈیا والوں نے ایک چیز پر توجہ مرکوز کی ہوگی، جب ہمارے پورٹ منسٹر اپنی تقریر کر رہے تھے، تو انہوں نے اڈانی کا ذکر کرتے ہوئے، انہیں (اڈانی کو)  ہماری (کیرالہ) حکومت کا شراکت دار کہا۔" مسٹر مودی نے کہا، "کمیونسٹ حکومت کا ایک وزیر  بول رہا ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے لئے، کہ ہماری حکومت کا پارٹنر، یہ  بدلتا ہوا ہندوستان ہے۔"وزیر اعظم نے کہا کہ ’’میں بندرگاہ کا دورہ کر کے ابھی واپس آیا ہوں اور گجرات کے لوگوں کو جب  پتہ چلے گا کہ اڈانی نے یہاں کیرالہ میں اتنی اچھی بندرگاہ بنائی ہے، یہ 30 سال سے گجرات میں بندرگاہ پر کام کر رہے ہیں لیکن اب تک انہوں نے وہاں ایسی بندرگاہ نہیں بنائی ہے، تو انہیں گجرات کے لوگوں کے غصے کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہنا پڑے گا۔‘‘مسٹر مودی نے کہا، "ہم کوچی میں جہاز سازی اور مرمت کے یونٹوں کا ایک کلسٹر قائم کرنے کی طرف بھی آگے بڑھ رہے ہیں۔ اس کلسٹر کی تکمیل سے یہاں روزگار کے بہت سے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کیرالہ کی مقامی مہارتیں، کیرالہ کے نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے گا۔" انہوں نے کہا، "ملک اب ہندوستان کی جہاز سازی کو بڑھانے کے لیے بڑے اہداف کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ اس سال بجٹ میں  ہندوستان میں بڑے جہازوں کی تعمیر کو بڑھانے کے لیے ہندوستان میں اس سال کے بجٹ میں ایک نئی پالیسی کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس سے ہمارے مینوفیکچرنگ سیکٹر کو بھی فروغ ملے گا۔ اس سے ہمارے مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے اداروں کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور اس سے بڑی تعداد میں روزگار اور کاروباری مواقع پیدا ہوں گے۔"مسٹر مودی نے کہا، "گزشتہ 10 برسوں  میں حکومت ہند کے پورٹ اور واٹر ویج  پالیسی کا بلیو پرنٹ رہا ہے۔ ہم  نے صنعتی سرگرمیوں اور ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے لیے تیزی سے آگے بڑھایا ہے۔ حکومت ہند نے ریاستی حکومت کے ساتھ مل کر، ساگر مالا پروجیکٹ کے تحت بندرگاہ کے بنیادی ڈھانچے کو اپ گریڈ کیا ہے،  بندرگاہ کے رابطے میں بھی اضافہ کیا ہے۔"