کھڑگے- راہل نے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کیلئےمودی کو لکھا خط

نئی دہلی، 29 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے صدر اور راجیہ سبھا میں قائد حزب اختلاف ملکارجن کھڑگے اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر پہلگام دہشت گردانہ حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال پر بحث کے لئے پارلیمنٹ کا خصوصی اجلاس بلانے کی اپیل کی ہے۔ کانگریس صدر اور سابق صدر نے پیر کو وزیر اعظم کو لکھے الگ الگ خطوط میں کہا کہ یہ ملک کے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کا وقت ہے، اس لیے ضروری ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس بلایا جائے تاکہ یہ مضبوط پیغام دیا جا سکے کہ ملک بحران کی اس گھڑی میں متحد ہے۔ پارٹی نے دونوں خطوط کو منگل کو میڈیا کو جاری کیا۔مسٹر کھڑگے نے کہا، "اس وقت جب اتحاد اور یکجہتی بہت اہم ہے، اپوزیشن کا ماننا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا جلد از جلد خصوصی اجلاس بلانا ناگزیر ہے، یہ  22 اپریل  2025 کو  پہلگام میں معصوم شہریوں پر ہونے والے وحشیانہ دہشت گردانہ حملے سے نمٹنے کے لیے ہمارے اجتماعی عزم  اورقوت ارادی کا ایک  طاقتور مظاہرہ ہوگا۔ہمیں پوری امید ہے کہ اجلاس اسی کے مطابق بلایا جائے گا۔ مسٹر گاندھی نے لکھا، "پہلگام میں دہشت گردانہ حملے سے ہر ہندوستانی صدمے میں ہے۔ اس نازک وقت میں ملک کویہ  دکھانا  ہوگا کہ ہم دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ متحد رہیں گے۔
 اپوزیشن کا خیال ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کا خصوصی اجلاس بلایا جانا چاہیے، جہاں عوامی نمائندے اس حملے کے خلاف اپنے اتحاد اور عزم کا مظاہرہ کر سکیں۔"