لائن آف کنٹرول پر کمین گاہ تباہ، بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد

    کپواڑہ،26؍اپریل(ایجنسی) جموں کشمیر پولیس نے ہفتہ کو شمالی کشمیر کے کپوارہ ضلع میں لائن آف کنٹرول کے نزدیکی علاقے مچھل (مژھل) میں ایک کمین گاہ کا پردہ فاش کرنے کا دعویٰ کرتے ہوئے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ پولیس کی جانب سے اس حوالے سے جاری کیے گئے ہینڈ آؤٹ میں کہا گیا ہے کہ مخصوص انٹیلی جنس معلومات پر کارروائی کرتے ہوئے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) کیمپ مچھل اور فوج کی جانب ہفتہ کو ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا تھا جو سیڈوری نالہ، مشتاق آباد کے جنگلاتی علاقے میں انجام دیا گیا، جو پولیس سٹیشن مچھل کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔پولیس ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ’’تلاشی آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے کو کامیابی سے ڈھونڈ کر اسے تباہ کر دیا گیا۔‘‘ پولیس بیان میں کہا گیا ہے کہ اس مقام سے اسلحہ اور گولہ بارود کا ایک اہم ذخیرہ برآمد کیا گیا، جس میں 5 اے کے 47 رائفلیں، 8 اے کے 47 میگزین، 1 پستول، 1 پستول میگزین، اے کے 47 کے 660 راؤنڈ، گولہ بارود، 1 پستول راؤنڈ اور ایم 4 گولہ بارود کے 50 راؤنڈ شامل ہیں۔پولیس بیان کا کہنا ہے کہ ’’اسلحہ کی بازیابی ایک بڑی کامیابی ہے، برآمدگی یہ اشارہ کرتی ہے کہ دہشت گرد کوئی بڑی سرگرمی انجام دینے کی تیاری کر رہے تھے جس کا مقصد خطے میں امن و امان کو خراب کرنا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ سیکورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے اس طرح کے مذموم عزائم کو ایک بڑا دھچکہ دیا ہے اور شہریوں کی زندگیوں اور عوامی تحفظ کو لاحق ممکنہ خطرات کو ٹال دیا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ آپریشن ایک بار پھر امن کو برقرار رکھنے اور ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے پختہ عزم اور قریبی ہم آہنگی کی نشاندہی کرتا ہے۔