
نئی تقرری کا عمل اس سال کے آخر تک مکمل کرنے کی ہدایت
نئی دہلی، 17 اپریل (یو این آئی) سپریم کورٹ نے مغربی بنگال اسکول سروسیز کمیشن کو ہدایت دی ہے کہ وہ اساتذہ کی نئی بھرتی کے لئے اخباروں میں اشتہارات دے اور ان کی تقرری کے عمل کو اس سال کے آخر تک مکمل کرے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سنجیو کھنہ نے کہا کہ طلبا کی تعلیم متاثر نہیں ہونی چاہئے۔ عدالت عظمی نے دو ہفتے پہلے 25 ہزار سے زائد اساتذہ کی تقرری کو منسوخ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان میں سے بیشتر تقرریوں میں بے ضابطگیاں ہوئی ہیں ۔ ساتھ ہی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ جن اساتذہ کی ملازمت ختم کی گئی ہے، وہ نئی تقرری کے عمل میں آجانے تک درس و تدریس کے فرائض بدستورانجام دیتے رہیں گے ۔ لیکن اس فیصلے کا اطلاق انہیں پر ہوگا، جن کے خلاف بے ضابطگی کا کوئی بھی ثبوت نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے سے نویں سے لیکر بارہوں جماعت کے طلبا کو راحت ملے گی۔چیف جسٹس نے کہا کہ ان تمام نئی تقرریوں کے لئے31 مئی تک اشتہارات دینے کی ضرورت ہے اور اس کے بعد نئی بھرتی کا عمل 31 دسمبر تک مکمل ہوجانا چاہئے۔ یہ راحت نان ٹیچنگ اسٹاف کے ملازمین کو نہیں ملے گی کیونکہ اسی زمرے میں تقرری کے عمل میں زیادہ گھپلے ہوئے ہیں۔ اساتذہ کی تقرری کو منسوخ کرنے کے بعد ریاست کا تعلیمی نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور اس سے طلبا کے مستقبل پر بھی سوالیہ نشان لگاہے ۔ ان چیزوں کو مدنظر رکھتے ہوئے سپریم کورٹ نے یہ فیصلہ سنایا ہے۔