سکما مڈبھیڑ میں 11 خواتین سمیت 17 نکسلی مارے گئے

سکما، 29 مارچ (یو این آئی) چھتیس گڑھ کے سکما اور دانتے واڑہ ضلع کی سرحد پر کیرلا پال کے گورگنڈا پہاڑی پر ہفتہ کو سیکیورٹی فورسز اور نکسلیوں کے درمیان مڈبھیڑ میں 11 خواتین سمیت 17 نکسلی مارے گئے۔وہیں، ڈسٹرکٹ ریزرو پولیس اور سینٹرل سیکیورٹی فورس کا ایک جوان سمیت چار جوان زخمی ہو گئے، جن کی حالت معمول بتائی جا رہی ہے۔واقعہ کی جگہ سے سیکیورٹی فورسز نے ایک اے کے-47، انساس رائفل، ایس ایل آر، 303 رائفل، راکٹ لانچر، بی جی ایل لانچر اور دیگر ہتھیار اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا ہے۔بستر رینج کے پولیس انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندرراج پی نے بتایا کہ مڈبھیڑ میں ہلاک ہونے والے سات نکسلیوں کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں 25 لاکھ کا انعامی نکسلی دربھا ڈویژن کا سیکرٹری جگدیش عرف بدرا بھی شامل ہے۔جگدیش نکسلی تنظیم میں ایس زیڈ سی کا رکن تھا۔ وہ دربھ ڈویژن کا انچارج تھا اور جھیرام قتل عام کیس میں بھی ملوث تھا۔ مسٹرسندرراج نے بتایا کہ کیرلا پال کے گورگنڈا پہاڑی پر ماؤنوازوں  کی موجودگی کی اطلاع پر آج صبح ڈسٹرکٹ ریزرو پولیس فورس اور سینٹرل سیکیورٹی فورس کی مشترکہ ٹیم نکسل مخالف مہم کے تحت روانہ ہوئی تھی۔ صبح 8 بجے سے گورگنڈا کی پہاڑیوں میں ماؤ نوازوں اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان مسلسل فائرنگ ہوئی۔ مڈبھیڑ کی جگہ سے جدید ہتھیار اور نکسلیوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ دیگر ہلاک شدہ نکسلیوں کی شناخت کی جا رہی ہے۔ مسٹرسندرراج نے مزید بتایا کہ 2025 میں بستر ڈویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز کی طرف سے نکسل مخالف مہم کے نتیجے میں 87 دنوں میں 117 ہارڈکور نکسلیوں کو ہلاک کیا گیا۔