
نئی دہلی، 21 مارچ (یواین آئی) وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں کہا کہ مودی حکومت نے امن اور سلامتی کی بنیاد پر جموں و کشمیر میں ترقی اور جمہوریت کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے، حکومت نے بات چیت، سلامتی اور تال میل کو اپنا کر نکسلیوں کے مسئلے پر کامیابی حاصل کی ہے اور اگلے سال 31 مارچ تک ملک سے نکسلیوں کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔ وزارت داخلہ کے کام کاج پر ایوان میں بحث کا جواب دیتے ہوئے مسٹر شاہ نے کہا کہ حکومت نے مختلف علیحدگی پسند تنظیموں کے ساتھ کئی معاہدے کیے ہیں جس کی وجہ سے شمال مشرق کا مسئلہ کم و بیش ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ منی پور میں امن ہے اور تنازعہ کے ذمہ دار دو برادریوں کے درمیان بات چیت ہوئی ہے اور امید ہے کہ جلد ہی مسئلہ حل ہو جائے گا۔ وزیر داخلہ نے تمل ناڈو پر ہندی زبان کو مسلط کرنے کے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرکار ملک کی ہر زبان کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت زبان کے نام پر زہر اگلنے اور زبان کے نام پر ہونے والے گھوٹالوں اور بدعنوانی کو بے نقاب کرنے کے لیے تمل زبان میں بات چیت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ خود اگلے دسمبر سے تمل ناڈو حکومت سے تمل زبان میں بات چیت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ووٹ بینک کی پرواہ کیے بغیر ملک کے مفاد میں مشکل اورسخت فیصلے کیے ہیں جس کی وجہ سے دہشت گردی کی کمر ٹوٹ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر سے دفعہ 35A اور دفعہ 370 کے ہٹائے جانے کے بعد بنیادی تبدیلی آئی ہے۔