ریکھا گپتا دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی

نئی دہلی،19؍فروری(ایجنسی)ریکھا گپتا دہلی کی نئی وزیر اعلیٰ ہوں گی۔ وہ قانون ساز پارٹی کی رہنما منتخب ہو گئی ہیں۔ پارٹی کے دہلی یونٹ آفس میں ہوئی بی جے پی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ میں تمام نو منتخب ایم ایل ایز نے ریکھا گپتا کے نام پر اپنی رضامندی دی۔ قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کے لیے پارٹی نے روی شنکر پرساد اور اوم پرکاش دھنکر کو مرکزی مبصر مقرر کیا تھا۔ لیجسلیچر پارٹی میٹنگ میں بی جے پی ممبران پارلیمنٹ بنسوری سوراج اور منوج تیواری بھی موجود تھے۔ میٹنگ شروع ہونے سے پہلے دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے پارٹی کے مرکزی مبصرین روی شنکر پرساد اور اوم پرکاش دھنکر اور انتخابی انچارج بائیجیانت پانڈا کا دہلی لیجسلیٹو پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے پر خیرمقدم کیا۔قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ریکھا گپتا کا نام پرویش ورما نے تجویز کیا تھا۔ آشیش سود اور وجیندر گپتا نے تجویز کی حمایت کی۔دہلی کے نئے وزیر اعلیٰ کے نام کے اعلان سے پہلے ہی بی جے پی کے دفتر کے باہر حامی جشن منا رہے ہیں۔ خواتین حامی خوشی میں رقص کرتی نظر آرہی ہیں۔دہلی کے وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کی تقریب 20 فروری کو رام لیلا میدان میں ہونے والی ہے۔ نئے وزیراعلیٰ 12:30 بجے حلف اٹھائیں گے۔ تقریب کی تیاریاں تقریباً مکمل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، مرکزی کابینہ کے ساتھی اور این ڈی اے کی حکومت والی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور نائب وزیر اعلیٰ بھی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ تقریب میں کچھ خاص مہمانوں سمیت تقریباً 50,000 افراد کی شرکت متوقع ہے۔5 فروری کو ہوئے دہلی اسمبلی انتخابات میں عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کو شکست دے کر بی جے پی 27 سال بعد اقتدار میں واپس آئی ہے۔ بی جے پی نے 48 سیٹیں جیت کر اکثریت کے ساتھ اقتدار میں واپسی کی۔ وہیں عام آدمی پارٹی صرف 22 سیٹیں جیتنے میں کامیاب رہی۔