امریکہ نے اپنے عوام کو فوری طور پر یوکرین سےنکلنے کا مشورہ دیا

واشنگٹن، 23 اگست (یو این آئی) امریکی حکومت نے یوکرین میں رہنے والے امریکیوں سے فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ روس یوکرین کے یوم آزادی سے قبل شہری بنیادی ڈھانچے اور سرکاری تنصیبات پر حملے تیز کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔امریکی سفارت خانے کی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے، "امریکی سفارت خانہ امریکی شہریوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ نجی طور پر دستیاب زمینی نقل و حمل کے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے یوکرین چھوڑ کر نکل جائیں، اگر ایسا کرنا محفوظ ہے،"۔ سفارت خانہ نے کہا کہ "یوکرین بھر میں سکیورٹی کی صورتحال انتہائی غیر مستحکم ہے اور بغیر کسی وارننگ کے مزید خراب ہو سکتی ہے۔"یہ امریکی انتباہ ایسے وقت میں آیا ہے جب روس نے بدھ کے روز یوکرین پر اپنے حملے کے چھ ماہ مکمل کر لیے ہیں۔یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور دیگر حکام نے بھی خبردار کیا ہے کہ روس بدھ کے روز یوکرین کے یوم آزادی کے موقع پر میزائل حملوں سمیت دیگر شدید حملے کر سکتا ہے۔مسٹر زیلینسکی نے اختتام ہفتہ پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ "ہم سب کو آگاہ ہونا چاہیے کہ روس اس ہفتے ایک شدید حملہ کرنے کی میں ہے۔"سی این این کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف میں شہر کی فوجی انتظامیہ نے پیر اور جمعرات کی درمیانی شب تمام بڑے اجتماعات پر پابندی عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ "بڑے پیمانے پر تقریبات، جلسوں، ریلیوں اور لوگوں کے بڑے اجتماع اور تقریبات کا اہتمام کرنا منع ہے"۔