بالی ووڈ میں کورونا

عامر اور اکشے کے بعد وکی کوشل اور بھومی پیڈنیکر بھی کورونا پازیٹو
نئی دہلی،05؍اپریل(ایجنسی) ہندوستان میں کورونا کا قہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے میں ملک میں ریکارڈ ایک لاکھ سے زیادہ معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس درمیان بالی ووڈ میں بھی کورونا کا اثر دن بہ دن بڑھتا جا رہا ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران بالی ووڈ کی کئی ہستیاں انفیکشن کی زد میں آ گئی ہیں۔ عامر خان، اکشے کمار اور گووندا جیسے معروف فلمی اداکاروں کے کورونا پازیٹو ہونے کی خبروں سے لوگ دہشت میں تھے ہی، اور اب وکی کوشل اور بھومی پیڈنیکر کے بھی کورونا پازیٹو ہونے کی خبر منظر عام پر آ گئی ہے۔وکی کوشل نے اپنے کورونا پازیٹو ہونے کی خبر سوشل میڈیا کے ذریعہ دی ہے اور فوری طور پر خود کو ہوم کوارنٹائن بھی کر لیا ہے۔ وکی نے اپنے کووڈ-19 پازیٹو ہونے کی جانکاری انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعہ دی جس میں انھوں نے بتایا کہ حفاظت کے سبھی ضابطے پر عمل اور ہر چیز کا دھیان رکھنے کے باوجود وہ کورونا کی زد میں آ گئے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ وہ ہوم کوارنٹائن ہو گئے ہیں اور ڈاکٹروں کے مشورے پر دوائیاں لے رہے ہیں۔ ساتھ ہی وکی کوشل نے یہ بھی لکھا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں میں جو لوگ بھی ان کے رابطے میں آئے ہیں، وہ برائے کرم اپنا ٹیسٹ کروا لیں۔ اپنا دھیان رکھیں اور محفوظ رہیں۔وکی کوشل سے کچھ دیر پہلے ہی اداکارہ بھومی پیڈنیکر نے بھی خود کے کورونا پازیٹو ہونے کی جانکاری دی تھی اور اپنے ہوم کوارنٹائن کی خبر بھی اپنے مداحوں کو دی۔
 بھومی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’میں کووڈ-19 پازیٹو پائی گئی ہوں۔ آج مجھ میں اس کی معمولی علامات ہیں، لیکن میں ٹھیک ہوں اور میں نے خود کو آئسولیٹ کر لیا ہے۔ میں ڈاکٹر اور ہیلتھ پروفیشنل کی صلاح پر سارے پروٹوکول فالو کر رہی ہوں۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’گزشتہ دنوں جو بھی میرے رابطے میں آئے ہیں، برائے کرم ٹیسٹ کروا لیں۔ اسٹیم، وٹامن سی، کھانا اور اچھا موڈ... میں ان پر عمل کرنے والی ہوں۔ پلیز تازہ حالات کو ہلکے میں نہ لیں۔ میں نے سبھی طرح کا احتیاط برتا تھا، پھر بھی کورونا وائرس سے متاثر ہو گئی۔ ماسک پہنیں، ہاتھ دھوتے رہیں اور سوشل ڈسٹنسنگ پر عمل کریں۔‘‘