امریکا کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی تعمیر نو کیلئے مزید 10 کروڑ ڈالر امداد کا اعلان

  واشنگٹن:(ایجنسی)امریکا نے کہا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مزید 10 کروڑ ڈالر کی امداد دی جارہی ہے، اس طرح ملک کو دی جانے والی مجموعی فنڈنگ 20 کروڑ ڈالر ہوجائے گی۔
 واشنگٹن میں امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ پاکستان میں گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے بعد سے امریکی حکومت نے سیلاب کی تباہ کاری سے نمٹنے، خوراک کی فراہمی کو یقینی بنانے، آفات سے نمٹنے کی تیاری، صلاحیت اور استعداد کار بہتر بنانے کی کوششوں کے لیے مالی امداد فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔
 نیڈ پرائس کا کہنا تھا کہ اس فنڈنگ میں پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے علاقوں میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کی کوششوں میں مدد کے لیے انسانی امداد بھی شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری سیلاب سے متعلق امداد امریکا ۔ پاکستان گرین الائنس بنانے کی ہماری وسیع تر کوششوں کو مزید تقویت دیتی ہے، پاک-امریکا گرین الائنس آب و ہوا اور اس سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل کو دیکھتا ہے جو پاکستان کی تعمیر نو کے لیے مرکزی اہمیت رکھتے ہیں۔اس سوال پر کہ پاکستان نے جنیوا میں ہونے والی کلائیمٹ ریزیلئنٹ کانفرنس میں کہا کہ یہ وقت ہے کہ آئی ایم ایف شرائط میں نرمی کرتے ہوئے ری اسٹرکچرنگ پیکج میں آسانی کرے تو کیا امریکا کا اس پر کوئی مؤقف ہے اور کیا اس امداد کا انحصار پاکستان میں جاری اصلاحات پر ہے؟ان کا کہنا تھا کہ جب پاکستان کی تمام ترجیحات کی بات آتی ہے چاہے وہ ترجیحات اس کی سلامتی سے متعلق ہوں، چاہے وہ معاشی صورتحال سے متعلق ہوں یا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر دی جانے والی امداد کے حوالے سے ہوں جیسا کہ آج سیلاب سے متعلق اضافی فنڈنگ کی فراہمی کا اعلان کیا گیا، ہم پاکستان کے پارٹنر بن کر رہیں گے۔