زیلنسکی-بائیڈن نے دفاعی مالی امداد کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا

کیف، 13 دسمبر (یو این آئی) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور امریکی صدر جو بائیڈن نے امریکہ کی جانب سے یوکرین کو فراہم کی جانے والی دفاعی اور مالی امداد پر تبادلہ خیال کیا ہے۔مسٹر زیلنسکی کی پریس سروس نے پیر کو اطلاع دی کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان فون پر بات چیت کے دوران، مسٹر زیلنسکی نے مسٹر بائیڈن کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی امداد نے یوکرین کو میدان جنگ میں پیش قدمی اور معاشی استحکام برقرار رکھنے میں مدد فراہم کی ہے۔مسٹر زیلنسکی نے گزشتہ جمعہ کو امریکہ کی طرف سے اعلان کردہ مزید 27.5 کروڑڈالر کے دفاعی امدادی پیکج اور یوکرین کے توانائی کے نظام کی تعمیر نو میں مدد کے لیے مسٹر بائیڈن کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔اس دوران دونوں رہنماؤں نے روس-یوکرین جنگ کو ختم کرنے کے مقصد سے دس نکاتی طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا، جس کی نقاب کشائی مسٹر زیلنسکی نے گزشتہ ماہ کی تھی۔ اس کے ساتھ ہی دونوں رہنماؤںنے یوکرین کی فضائی دفاعی صلاحیت اور حملوں سے اہم انفراسٹرکچر کے تحفظ کے معاملے پر بھی بات چیت کی۔